زلزلہ آنے کی صورت میں جاپان کی وینڈنگ مشینیں مفت چیزیں دیں گی
جاپان کے شہروں کی ہر گلی میں وینڈنگ مشین پائی جاتی ہے جو بڑے پیمانے پر چیزیں بیچتی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
جاپان میں زلزلہ آنے کی صورت میں وینڈنگ مشینیں مفت چیزیں دیں گی۔
عرب نیوز کے مطابق آپ کسی ایسے شہر کا تصور کریں جہاں کی وینڈنگ مشینیں زلزلے کے دوران خود بخود کھل جائیں اور عوام کو کھانے کی مفت چیزیں دیں۔
جی ہاں، بالکل ایسا ہی جاپان کے ساحلی شہر اکو میں ہو رہا ہے جس کے تحت جاپان قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کر رہا ہے۔
جاپانی خبر رساں ایجنسی ’دی مینیکی‘ نے خبر دی ہے اکو شہر میں ایمرجنسی میں کام کرنے کے لیے دو وینڈنگ مشینوں پر ٹرائل شروع کیا گیا ہے۔
یہ مشینیں عام طور پر سنیکس اور ڈرنکس بیچتی ہیں تاہم بڑی قدرتی آفات جیسے زلزلے اور طوفانوں میں وہ مفت کھانے کے آئٹم بھی تقسیم کریں گی۔
ان وینڈنگ مشینوں میں سوڈے کی 300 بوتلیں اور 150 ایمرجنسی فوڈ اٹئمز ہیں جبکہ ان مشینوں ایسے لاکر بھی نصب ہیں جن میں حفظان صحت کی اہم چیزیں جیسے پورٹ ایبل ٹوئلٹس اور ماسکس وغیرہ بھی میسر ہیں۔
یہ وینڈنگ مشینیں زلزلے یا کسی دوسری قدرتی آفت پر مقامات خالی کرنے کے حکم پر کھل جاتی ہیں۔
یہ وینڈنگ مشینیں اُن عمارتوں کے قریب نصب کی گئی ہیں جہاں زلزلے سے بچنے کے شیلٹر تعمیر کیے گئے ہیں۔
اکو شہر ایسی جگہ پر قائم ہے جہاں خطرناک زلزلے کا خطرہ رہتا ہے۔
یہ ایمرجنسی وینڈنگ مشینیں میونسیپلٹی اور ٹوکیو کی فارماسیٹوکل فرم ’ارتھ کورپوریشن‘ کا مشترکہ پروجیکٹ ہیں۔
اس کمپنی نے 2020 میں جاپان بھر کی 17 میونسپلٹیز سے مقامی مسائل کے حل کے لیے معاہدے کیے ہیں جس میں اکو میں نصب کی جانے والی یہ مشین اپنی طرز کی پہلی مشین ہے۔
کمپنی کے نمائندے کے مطابق ’ہم اسے بطور سماجی بہبود کے پروجیکٹ کے پورے ملک میں پھیلانا چاہیں گے۔‘
جاپان کے شہروں کی ہر گلی میں وینڈنگ مشین پائی جاتی ہے جو بڑے پیمانے پر چیزیں بیچتی ہیں جن میں ریچھ اور وہیل مچھلی کا گوشت بھی شامل ہے۔
اس طرح دارالحکومت ٹوکیو میں ایک ایسی وینڈنگ مشین نصب کی گئی ہے جس میں ریڈیو نصب ہے جس پر ایمرجنسی کے وقت معلوماتی نشریات جاری کی جائیں گی۔
یہ ریڈیو خطرناک زلزلوں میں ایکٹیو ہوگا اور مقامی آبادی کو جگہ خالی کرنے اور دیگر اہم معلومات فراہم کرے گا۔