Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر داخلہ کی سربراہی میں سعودی وفد کی روم کانفرنس میں شرکت

سعودی عرب وژن 2030 پر عملدرآمد کے ذریعے جامع اصلاحات کر رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی نیابت کرتے ہوئے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اتوار کو اٹلی میں منعقدہ  کانفرنس میں سعودی وفد کی قیادت کی ہے۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق روم کانفرنس کی صدارت اٹلی کے وزیراعظم نے کی۔
کانفرنس میں بحیرہ روم اور خلیج کے عرب ممالک کے وزرائے اعظم  اور وزرائے خارجہ شریک ہیں۔ یورپی ممالک کے اعلی عہدیدار اور بین الاقوامی تنظیمو ں کے رہنما  شامل ہیں۔ 
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ’ وہ تمام شرکا کے نام شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام لے کر آئے ہیں‘۔ 
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب وژن 2030 پر عملدرآمد کے ذریعے جامع اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کا محور سعودی عوام ہیں‘۔ 
سعودی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب پائیدار ترقی کے فروغ اور انسانی حقوق کے مسلمہ اصول نافذ کررہا ہے۔ تمام مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں بین الاقوامی تعاون کو ناگزیر سمجھتے ہیں اور یہ غیرمتزلزل پالیسی ہے‘۔ 
’سعودی عرب انسانی حقوق کے قومی نظام کے اداروں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کررہا ہے۔ مقیم غیرملکیوں اور قوانین محنت کے نفاذ کی پالیسی پر گامزن ہے۔ کارکنان کے حقوق کے استحکام اور آجر اور اجیر کے درمیان تعلق بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے‘۔ 

 روم میں ترقیاتی کانفرنس کی صدارت اٹلی کے وزیراعظم نے کی (فوٹو: ایس پی اے)

انہوں نے مزید کہا کہ’ گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی انشیٹو کے ذریعے سعودی عرب موسمیاتی تبدیلی کی صورتحال سے نمٹ رہا ہے‘۔ 
شہزاہ عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب قدرتی آفات، خانہ جنگیوں اور بحرانوں سے متاثرین کے مصائب کم کرنے کےلیے کام کررہا ہے۔ یہ کام شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ذریعے انجام دیا جارہا ہے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ مملکت غیر قانونی ہجرت کے خطرات سے آگاہ کرنے، ہر طرح کے استحصال کو روکنے کے لیے خصوصی پروگرام چلا رہا ہے۔ پناہ گزینوں کی مدد کے لیے130 ملین ڈالر کی لاگت سے 30 منصوبے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے 410 ملین ڈالر سے زیادہ یوکرین کو انسانی مدد کے طور پر دیے ہیں۔ جبکہ خادم حرمین شریفین اور ولی عہد نے سو ملین ڈالر لاگت کا امدادی سامان شاہ سلمان مرکز کو پیش کرنے کی ہدایت دی  ہوئی ہے۔ 

 سوڈانی عوام کی مدد کے لیے عوامی عطیات مہم چلائی جارہی ہے(فوٹو: ایس پی اے)

شہزادہ عبدالعزیز نے کہا کہ ’مملکت میں سوڈانی عوام کی مدد کے لیے عوامی عطیات مہم چلائی جارہی ہے۔ جہاں انسانی بحران کے باعث عوام نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ ہزاروں پڑوسی ممالک میں پناہ لیے ہوئے ہیں‘۔ 
سعودی وزیر داخلہ نےعالمی برادری سے اپیل کی کہ ’وہ غیر قانونی ہجرت سے پیدا ہونے والے سیاسی ، سماجی اور اقتصادی مسائل  کے حل اور انسانی سمگلنگ اور استحصکال کے انسداد سے تعلق رکھنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک دوسرے سے تعاون ،منظم جرائم کو روکنے کے لیے مل کر کام کریں‘۔ 
سعودی وفد نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی، سیکریٹری داخلہ ڈاکٹر ھشام الفالح، محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل ، سیکریٹری خارجہ اور داخلہ و خارجہ کی وزارتوں کے نمائندے اور شاہ سلمان مرکز کے عہدیداروں پر مشتمل ہے۔ 

شیئر: