Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ کے تھانہ زرغون آباد کی حدود میں پیش آیا۔ فوٹو: بشکریہ ایدھی فاؤنڈیشن
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے- 
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ منگل کی دوپہر کو کوئٹہ کے تھانہ زرغون آباد کی حدود میں کلی شاہ عالم میں پیش آیا- 
علاقے کے سب ڈویژنل پولیس افسر مسعود کاسی نے اردو نیوز کو بتایا کہ دونوں پولیس اہلکار انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر تعینات تھے۔
پولیو ٹیم میں شامل خواتین رضا کار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے گھر کے اندر تھی جبکہ پولیس اہلکار باہر گلی میں کھڑے تھے- 
انہوں نے بتایا کہ اس دوران نامعلوم حملہ آوروں نے دونوں اہلکاروں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا اور فرار ہوگئے۔ حملے میں دو قسم کے ہتھیار استعمال کیے گئے ہیں پولیس کو جائے وقوعہ سے کلاشنکوف اور نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے خول ملے ہیں- 
کوئٹہ اور بلوچستان میں انسداد پولیو ٹیموں اور پولیس اہلکاروں پر پہلے بھی کئی جان لیوا حملے ہوچکے ہیں جن میں رضاکاروں اور پولیس اہلکاروں سمیت درجنوں افراد کی موت واقع ہوئی۔
پولیس افسر مسعود کاسی کے مطابق تازہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی اور ٹارگٹ کلنگ و دہشت گردی کا معلوم ہوتا ہے۔
 نشانہ بننے والے دونوں اہلکاروں کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا جن کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں- 
مسعود کاسی نے بتایا کہ پولیس کے انسداد دہشتگردی محکمہ(سی ٹی ڈی) نے واقعے کی تفتیش کر دی ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے قرب و جوار میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے- 
کوئٹہ میں پولیو ایمرجنسی سینٹر کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 35 اضلاع میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آج پہلا دن تھا- صوبے بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے 26 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے گیارہ ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں- 
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے دہشت گردی کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق وزیراعلٰی نے کہا کہ یہ واقعہ ہمارے بچوں کے صحتمند مستقبل کے خلاف مذموم سازش ہے، ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے پولیو مہم ناکام بنانا چاہتے ہیں- 
ان کہنا تھا کہ پولیو مہم کے خلاف منفی پراپیگنڈہ اور سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا- 

شیئر: