Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہوسکتا ہے کہ جس کا نام ہی لسٹ میں نہ ہو وہ نگراں وزیراعظم بن جائے: خواجہ آصف

وزیردفاع اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ جس کا نام ہی نہ ہو وہ نگراں وزیراعظم بن جائے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے لیے بہت سارے نام آ رہے ہیں۔
’لیکن ہو سکتا ہے کہ کوئی ایسا شخص نگران وزیراعظم بن جائے جس کا نام فہرست میں ہی نہ ہو۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ راجہ ریاض قومی اسمبلی میں  قائد حزب اختلاف ہیں اور آئین کے مطابق ان سے مشاورت ضروری ہے جس بغیر کچھ نہیں ہو سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے معاملے پر ڈیڈلاک ہو جاتا ہے تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔ تاہم وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ڈیڈ لاک نہیں ہو گا۔
بہت سے لوگ نگران وزیراعظم بننے کے خواہشمند ہیں، لوگوں کی رالیں ٹپک رہی ہیں اور میرا اندازہ ہے کہ لوگوں کا خیال ہے نگران حکومت لمبی چلے گی اس لیے لوگ اس عہدے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔‘
عام انتخابات کے حوالے سے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں الیکشن 2024 کے شروع میں ہو جانے چاہئیں۔
’میرے خیال میں ستمبر تک نوازشریف کو واپس آجانا چاہیے۔ ستمبر تک عدلیہ کیساتھ ہماری محاذآرائی ہے نہیں چاہتے یہ محاذآرائی آگے بھی بڑھے۔‘
’عام انتخابات میں دو ڈھائی ماہ سے زیادہ التوا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ہم سینیٹ الیکشن میں نئی حکومت کے ساتھ جائیں گے۔‘
دریں اثنا ڈان نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی تحلیل ہونے میں اب صرف ایک دن کا وقت رہ گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعظم کے عہدے کے لیے ابھی کوئی نام فائنل نہیں ہوا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کل صدر مملکت کو سمری چلی جائے گی تو پھر میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض سے رابطہ کر کے پہلی ملاقات کروں گا۔

شیئر: