Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کی سعودی سفیر سے ملاقات

سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے لیے پاکستان نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سنیچر کو ہونے والی ملاقات میں فریقین نے وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی سربراہی میں سعودی وفد کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا۔
نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ سعودی وفد کا دورہ پاکستان تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر حج مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے چیئرمین ہونے کی وجہ سے انتہائی محترم ہیں۔ سعودی وفد سے حج، عمرہ، روٹ ٹو مکہ، مذہبی سیاحت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔
انیق احمد کا کہنا تھا کہ آئندہ حج انتظامات میں جدت اور بہتری کے لیے ایم او یو سائن کیے جائیں گے۔
سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے لیے پاکستان نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خود کو پاکستان کا سفیر قرار دیا تھا۔
سعودی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دوسرا گھر ہے، پاکستانی بھائیوں کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
ملاقات میں سعودی ڈپٹی منسٹر ڈاکٹر حسن مناخرہ، سیکریٹری مذہبی امور اور ڈی جی حج بھی شریک تھے۔

شیئر: