پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستانی عوام خادم حرمین الشریفین کے دل کے بہت قریب ہیں۔
پیر کو نگراں وفاقی وزیرِ مذہبی امور انیق احمد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی وزیر نے اعلان کیا کہ پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے ویزے کا دورانیہ تیس دن کے بجائے 90 روز تک ہو گا۔
سعودی وزیر نے مزید کہا کہ مملکت کی کوشش ہے کہ حج اخراجات میں کمی کی جائے۔
مزید پڑھیں
-
نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کی سعودی سفیر سے ملاقاتNode ID: 788866
-
سعودی وزیر حج و عمرہ وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر پہنچ گئےNode ID: 789136
انہوں نے کہا کہ ویزے پر عمرے کے علاوہ سعودی عرب کے دیگر تاریخی مقامات کا دورہ بھی کیا جا سکے گا، مکہ اور مدینہ میں 100 کے قریب مزید نئے مقامات کو کھولا جائے گا۔
سعودی وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے دورے کے دوران پاکستانی عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔
’یقین دلاتا ہوں کہ پاکستانی وزارت مذہبی امور کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ معاہدے کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے مابین فلائٹس میں اضافہ کیا جائے گا۔‘
اس موقع پر نگراں وفاقی وزیرِ مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ سعودی وزیر برائے حج و عمرہ کا دورہ پاکستان باعثِ اعزاز ہے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان سے محبت کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے نتائج جلد سب کے سامنے آئیں گے، سعودی حکومت حج و عمرہ زائرین کے لیے جدید سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ عمرہ زائرین میں پاکستان کی تعداد دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔
’روٹ ٹو مکہ منصوبہ پاکستانی عازمین حج کے لیے بہت فائدہ مند ہے، چاہتے ہیں کہ پاکستان کےتمام ایئر پورٹس پر روٹ ٹو مکہ کی سہولت فراہم کی جائے اور منیٰ اور عرفات میں پاکستانی حجاج کرام کو مزید سہولتیں فراہم کی جائیں۔‘
انہوں نے سعودی وزیر سے درخواست کی کہ حرمین کی توسیع کی وجہ سے پاکستان ہاؤس کے لیے متبادل جگہ فراہم کی جائے اور 65 سال سے زائد پاکستانی زائرین کے لیے بائیو میٹرک سے استثنیٰ دیا جائے۔
نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد، وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ @tfrabiah کا کثیر المحکمہ اجلاس اور مشترکہ پریس کانفرنس، معتمرین کیلئے پروازوں، مسابقتی اخراجات، قیام کی مدت، دیگر مذہبی سیاحتی مقامات تک رسائی سمیت متعدد آسانیوں کا اعلان۔ #حج@AmbassadorNawaf pic.twitter.com/6pbTjIOw2V
— Ministry of Religious Affairs & Interfaith Harmony (@MORAisbOfficial) August 21, 2023