Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین سرمایہ کار کی سعودی کھجور اور مصنوعات پر 500 ملین ریال کی سرمایہ کاری

گورنر قصیم کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کریں گے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی علاقے بریدہ میں ایک انڈین سرمایہ کار سلمان المیمنی نے کھجور اور ان کی مصنوعات پر 500 ملین ریال سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے۔
الوطن اخبار کے مطابق گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل بن سعود نے جو بریدہ کھجور فیسٹیول کی اعلیٰ کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں نے سلمان المیمنی کو اطمینان دلایا کہ دیگر سرمایہ کاروں کی طرح انہیں بھی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ 
گورنر قصیم کا کہنا تھا کہ ’سعودی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو کھجوروں کی پیداوار اور صنعت میں سرمایہ کاری کے تمام مواقع سے استفادے کا موقع دیا جائے گا۔ سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کریں گے۔ یہ سعودی وژن 2030 کے اہم ستونوں میں سے ایک ہے۔‘
انڈین سرمایہ کار انواع واقسام کی کھجوروں کی پیداوار اور کھجور کے چاکلیٹ اور معمول (کھجورکے بسکٹ) کی صنعت میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ وہ شہد، چھوٹی الائچی، کلونجی اور میوہ جات سے بھری کھجوریں تیار کرکے مملکت سے 35 سے زیادہ ممالک کو برآمد کریں گے۔ 
یاد رہے کہ گورنر قصیم نے اس سے قبل اقتصادی مرکز میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا جسے یہ ہدف دیا گیا کہ وہ سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل حل کریں اور قصیم کے باشندوں کے لیے روزگار کے زیادہ  سے زیادہ  مواقع اور اقتصادی سرگرمیاں تیز کرنے کی حکمت عملی تیار کریں۔ 

شیئر: