پاکستان میں راولپنڈی کی ایک عدالت نے پیر کو توہین رسالت کا الزام ثابت ہونے پر چار افراد کو سزائے موت سنادی ہے۔
چاروں افراد پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کرنے کا الزام تھا۔ ان افراد میں سے دو کا تعلق کراچی سے جبکہ دیگر دو افراد کا تعلق راولپنڈی اور پشاور سے ہے۔
توہین مذہب کا الزام ثابت ہونے پر ان افراد کو عمر قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔
عدالت کی جانب سے جیل سُپرانٹینڈنٹ کو جاری کیے گے وارنٹ میں کہا گیا ہے کہ مجرموں کو اس وقت تک سزائے موت نہ دی جائے جب تک لاہور ہائی کورٹ کا راولپنڈی بینچ ان کی سزاؤں کی توثیق نہ کردے۔
سزایافتہ مجرموں میں سے دو کی عمر 27، 27 سال جبکہ دیگر دو کی عمریں 24 اور 23 سال ہیں۔