پاکستان مراکش کی ہر ممکن مدد کرے گا: وزیراعظم انوارالحق کاکڑ
زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ (فوٹو: اےا یف پی)
پاکستان سمیت عالمی رہنماؤں نے مراکش میں زلزلے سے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سنیچر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’مشکل کی اس گھڑی میں مراکش کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان مراکش کے بہادر عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گا۔‘
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد کرمون کو ٹیلیفون کیا اور مراکش میں ہولناک زلزلہ سے قیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے مراکش کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستانی قوم اور حکومت اس مشکل گھڑی میں مراکش کے زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مراکش کے عوام کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہیں صحت کی سہولیات سمیت ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔‘