Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ خان وہ واحد سٹار جو انڈر ورلڈ کے سامنے نہیں جھکے: ہدایتکار سنجے گپتا

جوان نے اپنی ریلیز کے پہلے دن ہی ہندی مارکیٹ سے 65 کروڑ انڈین روپے کی ریکارڈ اوپننگ کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’جوان‘ انڈیا سمیت پوری دنیا میں بے مثال کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔
شاہ رخ خان کی مقبولیت دنیا بھر میں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ اسی سلسلے میں انڈیا کے ہدایتکار سنجے گپتا نے شاہ رخ خان کے بارے میں دلچسپ انکشاف کیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سنجے گپتا نے فلم جوان دیکھنے کے بعد اس بات کا انکشاف کیا کہ کیسے شاہ رخ خان نے 90 کی دہائی میں انڈر ورلڈ کے بدمعاشوں کے سامنے ہار نہیں مانی۔
سنجے گپتا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’میں نے جوان دیکھی، مجھے یہ بات بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ جب 90 کی دہائی میں انڈر ورلڈ بدمعاش فلمی ستاروں کو تنگ کرتے تھے تو شاہ رخ خان واحد سٹار تھے جو انڈر ورلڈ کے بدمعاشوں کے سامنے نہیں جھکے۔‘
 
انہوں نے مزید بتایا کہ شاہ رخ خان نے انڈر ورلڈ کے لوگوں کو کہا کہ ’گولی مارنی ہے تو مار دو پر تمہارے لیے کام نہیں کروں گا۔ میں پٹھان ہوں۔ آج بھی ویسے ہی ہیں۔‘
دوسری جانب شاہ رخ خان کی جوان نے انڈیا بھر سے 202 کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں۔
جوان نے اپنی ریلیز کے پہلے دن ہی ہندی مارکیٹ سے 65 کروڑ انڈین روپے کی ریکارڈ اوپننگ کی جس کے بعد اِس فلم نے رواں برس جنوری میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کے بھی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

اگر جوان کی کہانی کی بات کی جائے تو یہ اچھائی اور برائی کے درمیان کی کہانی ہے۔ اس فلم میں شاہ رخ خان نے کئی روپ دھارے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب جوان کی مرکزی کاسٹ میں شاہ رخ خان کے علاوہ نائنتھارا، وجے سیتھوپاتھی، پریا مانی، ثانیہ ملہوترا، سنیل گروور شامل ہیں جبکہ دپیکا پاڈوکون نے جوان میں سپیشل کیمیو کیا ہے۔

شیئر: