Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی فون 15 لانچ، نئے فیچرز میں ایپل واچ کی ’چٹکی‘ اور ’سی ٹائپ‘ چارجنگ

ایپل نے آئی فونز کی لانچ کی گئی نئی سیریز میں ایک نیا ٹائٹینیم شیل، ایک تیز رفتار چپ اور ویڈیو گیم کھیلنے کی بہتر صلاحیتیں شامل کی ہیں۔
آئی فون 15 کے ساتھ سب سے بڑا سرپرائز جو 22 ستمبر کو سامنے آئے گا وہ یہ ہے اس نے قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا، جو سمارٹ فون کی عالمی مارکیٹ میں کم ہوتی مانگ کی عکاس ہے۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے کپرٹینو میں واقع ایپل کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ تقریب میں آئی فون 15 لانچ کیا گیا۔ یہ لانچنگ ایک ایسے وقت کی گئی جب چین نے سرکاری دفاتر میں آئی فون کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے اور ہواوے کمپنی نے کئی برس بعد نیا فلیگ شپ فون لانچ کیا ہے۔
چین ایپل مصنوعات اور آئی فون کی تیسری بڑی مارکیٹ ہے۔
ہواوے نے اپنے نئے میٹ 60 سیریز کے سمارٹ فون کی دوسری شپمنٹ کو بڑھا دیا ہے۔ اس فون میں سیٹلائٹ سے جڑنے کی صلاحیت ہے۔
ایپل نے آئی فون 15 میں کوئی بلاک بسٹر سرپرائز نہیں دیا اور تقریب رونمائی کے بعد کمپنی کے شیئرز ایک اعشاریہ سات فیصد پر بند ہوئے۔

آئی فون میں مشین لرننگ

ایپل کمپنی عام طور پر مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کی اصطلاح استعمال کرنے سے گریز کرتی ہے اس لیے نئے آئی فون میں ’مشین لرننگ‘ کا فیچر لایا گیا ہے۔
ایپل کے ایک ایگزیکٹو نے کہا کہ کمپنی نے کیمرا فریم میں کسی شخص کا پتہ لگانے کے لیے مشین لرننگ کا استعمال کیا، اس فیچر سے صارفین فوٹو ایپ میں تصویر کو فوری یا بعد میں پورٹریٹ میں تبدیل کر سکتے ہیں۔
ایپل نے نئی گھڑیاں بھی متعارف کرائی ہیں جن میں ایک سیریز 9 واچ بھی شامل ہے۔ اس میں ’ڈبل ٹیپ‘ نامی خصوصیت ہے جہاں صارفین فون کال کا جواب دینے جیسے کاموں کو انجام دینے کے لیے گھڑی کو چھوئے بغیر دو بار انگوٹھے اور انگلی کو ایک ساتھ دباتے کرتے ہیں۔

چین ایپل مصنوعات اور آئی فون کی تیسری بڑی مارکیٹ ہے۔ فوٹو: روئٹرز

اپیل واچ کی ’چُٹکی‘

ایپل کے چیف آپریٹنگ آفیسر جیف ولیمز نے کہا کہ ایپل واچ کا یہ خون کے بہاؤ میں چھوٹی تبدیلیوں کا پتہ لگانے کے لیے مشین لرننگ کا استعمال کرتا ہے جب صارف اپنی انگلیوں کو ایک ساتھ دباتا ہے۔ اس وقت دوسرا ہاتھ کتے کے پٹے کو پکڑے رہنے یا کافی کا کپ تھامے رہنے جیسے کاموں کے لیے آزاد رہتا ہے۔
آئی فون پرو اور دیگر آئی فون 15 دونوں ماڈلز میں ایک روشن ڈسپلے اور 48 میگا پکسل کیمرے کے ساتھ ساتھ ان کی بیٹریوں میں 100 فیصد ری سائیکل شدہ کوبالٹ ہوگا۔
ایپل نے کہا کہ آئی فون 15 کی سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی اب سڑک کے کنارے مدد طلب کرنے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔ یہ امریکہ میں امریکن آٹوموبائل ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر اس فیچر کو شامل کر رہا ہے۔

سی ٹائپ چارجنگ پورٹ

ایپل کمپنی کے مطابق نئے فون میں چارجنگ کی پورٹ سی ٹائپ ہو گی جب اب دنیا بھر میں معیاری چارجنگ پورٹ تصور کی جاتی ہے تاکہ الیکٹرانک فضلے کو کم کیا جا سکے۔
یورپ میں اتھارٹیز نے پہلے ہی کمپنی کو کہا تھا کہ وہ سی ٹائپ چارجنگ پورٹ بنائے جو آئی پیڈ اور میک کی مصنوعات میں استعمال کی جا رہی ہے۔
کریٹیو سٹرریٹیجیز کی ایک ٹیکنالوجی تجزیہ کار کیرولینا میلانیسی نے کہا کہ آئی فون پرو میں سی ٹائپ پورٹ سے پروفیشنل فوٹوگرافرز کو ڈیٹا ٹرانسفر کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔
ایپل کا کہنا ہے کہ آئی فون 15 پرو اپنے دو کیمروں کی مدد سے ’سپیٹیل ویڈیوز‘ بھی بنا سکے گا جو تھری ڈائیمنشنل یا تین رُخی ہوگی۔
آئی فون 15 کی ابتدائی قیمت 799 ڈالر ہے جبکہ آئی فون 15 پلس کی قیمت 899 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ اسی طرح آئی فون پرو کی قیمت 999 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ پرو میکس کی قیمت 1199 ڈالر ہے جو گزشتہ برس اس سے کم سٹوریج والے آئی فون 14 کی تھی۔

شیئر: