نجران میں ہم وطن کے قتل کیس میں سعودی شہری کو سزائے موت
اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے سزائے موت کی توثیق کی تھی (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب کے نجران ریجن میں حکام نے ہموطن کے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر بدھ کو سعودی شہری کو عدالت کے حکم پر موت کی سزا دی ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ ’مقامی شہری محمد بن مرسل بن علی آل رزق نے سعودی شہری معیض بن عبداللہ بن محسن الیامی کو پستول سے فائر کرکے ہلاک کردیا تھا۔ دونوں کے درمیان پرانا جھگڑا چل رہا تھا‘۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے قتل کا الزام ثابت ہونے پرموت کی سزا سنائی تھی۔
وزارت داخلہ کے مطابق’ اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے سزائے موت کی توثیق کی تھی‘۔
ایوان شاہی سے عدالتی فیصلے پرعمل درآمد کا حکم جاری ہوجانے پر بدھ 20 ستمبر کو سزائے موت دی گئی۔