وزیراعظم دو روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون پر بات چیت ہوگی
وزیراعظم محمد شہباز شریف امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق دوحہ کے کنگ حمد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر محمد بن عبد العزیز الخلیفی، قطر میں تعینات پاکستان کے سفیر محمد عامر اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ساتھ ہیں۔
اپنے دورے دوران وزیراعظم امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے دو طرفہ ملاقات کریں گے جس میں اقتصادی تعاون، توانائی کی شراکت داری، اور عوام کے درمیان تبادلوں کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر بات چیت ہو گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریق تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور افرادی قوت کی برآمد کے شعبوں میں اشتراک کو مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور کثیر جہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔