Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابھا کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 13 ملین مسافروں کو سفری سہولت

نئے ایئرپورٹ کا ڈیزائن عسیر ریجن کے تاریخی ورثے سے ماخوذ ہوگا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ’المطارات القابضہ‘ کمپنی کے سربراہ محمد  الغلوث نے کہا ہے کہ ’ابہا کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آپریشنل گنجائش سالانہ 90 ہزارسے زیادہ پروازوں اور 13 ملین مسافروں کی ہوگی‘۔ 
الاخباریہ کے مطابق انہوں نے کہا ’ابہا کا نیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ دو مرحلوں میں تعمیر کیا جائے گا۔ یہ گنجائش دونوں مرحلے مکمل ہونے پر ہوگی۔ فی الوقت سالانہ 30 ہزار پروازوں سے پندرہ لاکھ کے قریب مسافروں کو سفری سہولت حاصل ہے‘۔ 
محمد المغلوث نے کہا کہ’ نئے ایئرپورٹ کی تعمیر میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی اور اس کا ڈیزائن عسیر ریجن کے تاریخی ورثے سے ماخوذ ہوگا‘۔ 
کمپنی کی پہلی ترجیح یہ ہے کہ ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کرنے والوں کو آسانی ملے اور یہاں سے ان کا سفر یادگار بن جائے۔
20 سے زیادہ گیٹ بنائے جائیں گے اور سفری کارروائی کے لیے41 کاؤنٹر ہوں گے۔ علاوہ ازیں سفری کارروائی کےلیے خودکارمشینیں بھی نصب ہوں گی۔ 
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نئے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ماسٹر پلان کی منظوری  دی ہے۔ 
 ابہا کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عمارت عسیر ریجن کے عمرانی ورثے کی ترجمان ہوگی۔ یہ سعودی عرب کے منفرد اور قابل دید مقامات میں سے ایک  ہوگا۔ 
 ایئرپورٹ کے ٹرمنلز کا رقبہ 65 ہزار مربع میٹر ہوگا جبکہ موجودہ ایئرپورٹ کا کل رقبہ 10500 مربع میٹر ہے۔
 مجوزہ ماسٹر پلان کے تحت مسافروں کی سہولت کے لیے خودکار سروسز کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔ وسیع و عریض  پارکنگ کا انتظام ہوگا۔ ایئرپورٹ کے ماسٹر پلان کا پہلا مرحلہ سال 2028 میں مکمل ہوجائے گا۔ 

شیئر: