ولی عہد نے ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبے کا اعلان کردیا
جمعرات 12 اکتوبر 2023 17:55
نئے ایئرپورٹ کے ٹرمنلز کا رقبہ 65 ہزار مربع میٹر ہوگا (فوٹو،ایکس اکاونٹ)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نئے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ابہا کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عمارت عسیر ریجن کے عمرانی ورثے کی ترجمان ہوگی۔ یہ سعودی عرب کے منفرد اور قابل دید مقامات میں سے ایک ہوگا۔
نئے ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمنلز کا رقبہ 65 ہزار مربع میٹر ہوگا جبکہ موجودہ ایئرپورٹ کا کل رقبہ 10500 مربع میٹر ہے۔
مجوزہ ماسٹر پلان کے تحت مسافروں کی سہولت کے لیے خودکار سروسز کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔ وسیع و عریض پارکنگ کا انتظام ہوگا۔ ایئرپورٹ کے ماسٹر پلان کا پہلا مرحلہ سال 2028 میں مکمل ہوجائے گا۔
مجوزہ نئے ایئرپورٹ سے سالانہ 13 ملین سے زیادہ افراد سفر کرسکیں گے جبکہ اس وقت موجودہ ایئرپورٹ سے مسافروں کی گنجائش ڈیڑھ ملین سالانہ ہے۔
نئے ایئرپورٹ سے سالانہ نوے ہزار سے زیادہ پروازیں چلائی جاسکیں گی فی الوقت صرف تیس ہزار پروازوں کی گنجائش ہے۔
نئے ایئرپورٹ کے گیٹس کی تعداد 20 ہوگی۔ سفری کارروائی مکمل کرانے کے لیے 41 کاؤنٹرز ہوں گے۔ خود کار سفری سروس کے لیے سات کاؤنٹرز ہوں گے۔