Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھریلو ملازمین کے معاہدوں کی انشورنس پالیسی کا ابھی کوئی امکان نہیں: مساند

مساند کے مطابق انشورنس پالیسی کو بہتر بنانے پر کام ہو رہا ہے۔ (فوٹو عکاظ)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ماتحت سپیشل پورٹل مساند نے کہا ہے کہ ’ابھی گھریلو عملے کی ملازمت کے معاہدوں کی انشورنس پالیسی جاری نہیں کی جا سکتی۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق مساند نے یہ بتاتے ہوئے واضح کیا کہ ’گھریلو عملے کی ملازمت  کے معاہدوں کی انشورنس پالیسی کو بہتر شکل دینے پر کام چل رہا ہے لہذا ابھی اس کے اجرا کا کوئی امکان نہیں۔‘
مساند نے مذکورہ وضاحت ریکروٹنگ کمپنیوں اور ایجنسیوں کے ان استفسارات کے جواب میں جاری کی ہے جن کے ذریعے مساند سے  پوچھا جا رہا تھا کہ گھریلو عملے کی ملازمت کے معاہدوں کی انشورنس پالیسی جاری کی جا سکتی ہے یا نہیں۔ 
اسی دوران ریکروٹنگ کمپنیوں و ایجنسیوں کے حلقوں میں مختلف قسم کی باتیں بھی گردش کر رہی ہیں۔ بعض کا کہنا ہے کہ انشورنس پالیسی بند کردی گئی ہے دیگر نے دعویٰ کیا کہ عارضی طور پر موقوف کی گئی ہے۔ کئی ایجنسیوں اور کمپنیوں نے کہا کہ انہوں نے انشورنس پالیسی کے اجرا کی کوشش کی تھی مگر کامیابی نہیں ملی۔ 
مساند نے مذکورہ بیان جاری کر کے واضح کر دیا کہ ابھی انشورنس پالیسی کے اجرا کا کوئی امکان نہیں ہے۔ 
یاد رہے کہ گھریلو عملے کی ملازمت کے معاہدوں کی انشورنس پالیسی کے اجرا کا اصل مقصد فریقین کے حقوق کا تحفظ ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: