Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اضافی گھریلو ملازمین کے نئے قانون کا نفاذ اتوار سے

پابندی کا قانون دومرحلوں میں نافذ کیا جائے گا۔ (فائل فوٹو سبق)
سعودی کابینہ کے اضافی گھریلو ملازمین کے قانون سے متعلق فیصلے پر اتوار 22 مئی سے عمل درآمد شروع کیا جا رہا ہے۔
 سعودیوں کے لیے چار اور غیر ملکیوں کے لیے دو سے زیادہ گھریلو ملازمین رکھنے کی پابندی کا قانون دو مرحلوں میں نافذ کیا جائے گا۔ 
پہلے مرحلہ کا آغاز بیرون ملک سے آنے والے نئے گھریلو ملازمین پر ہوگا جس پر عمل درآمد کا آغاز اتوار 22 مئی سے ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ آئندہ برس سے نافذ کیا جائے گا۔ 
سبق نیوز کے مطابق سعودی کابینہ کے فیصلہ میں کہا گیا تھا کہ ایسے سعودی شہری جن کے پاس چار سے زیادہ گھریلو ملازمین ہیں ان پر ہر اضافی ملازم کے اقامے کی تجدید  و اجرا کے لیے 9600 ریال اضافی فیس عائد کی جائے۔ 
کابینہ کے فیصلے کا اطلاق ان غیرملکیوں پر بھی ہوگا جنہوں نے دو سے زیادہ گھریلو ملازم اپنی کفالت میں رکھے ہوئے ہیں وہ بھی ہر اضافی ملازم کے اقامے کے اجرا اور تجدید کے لیے اضافی فیس 9600 ریال ادا کریں گے۔ 
واضح رہے گھریلو ملازمین پر عائد ہونے والی اضافی فیس کے قانون کا دوسرا مرحلہ آئندہ برس 21 شوال 1444 ہجری سے نافذ ہوگا۔
اس کا اطلاق نئے آنے والے گھریلو ملازمین یا پہلے سے موجود ملازمین پر ہوگا جس کے تحت چار سے زیادہ ہر ملازم پر 9600 ریال اضافی فیس ادا کرنا ہوگی جس کے بعد ان کا اقامہ تجدید کیا جا سکے گا۔ 

شیئر: