Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میانوالی ایئربیس پر حملہ، 9 شدت پسند ہلاک، 3 طیاروں کو بھی نقصان: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں تین طیاروں کو نقصان پہنچا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ میانوالی ایئرفورس کے ٹریننگ ایئربیس میں کلیئرنس آپریشن کے دوران تمام 9 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ 
سنیچر کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ایئرفورس کے ٹریننگ ایئربیس پر کلیئرنس آپریشن مکمل ہو گیا ہے اور 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔‘ 
بیان کے مطابق ’سنیچر کی علی الصبح ٹریننگ ایئر بیس پر شدت پسندوں نے حملے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا۔‘
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ’فنکشنل آپریشن اثاثوں میں کسی کو قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا جبکہ گراؤنڈ کیے گئے تین غیرفعال طیاروں کو کچھ نقصان پہنچا ہے۔‘
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ایئربیس پر ناکام حملے کے بعد قریبی علاقوں میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ 
’آپریشن کا فوری اور پیشہ ورانہ اختتام امن کے تمام دشمنوں کے لیے ایک واضح یاددہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں اور کسی بھی خطرے سے وطن کے دفاع کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تین دہشت گردوں کو گیٹ میں داخل ہونے کے دوران ہی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
اس سے قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے باقی تین دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا گیا تاہم حملے کے دوران تین گراؤنڈ کیے گئے طیاروں کے علاوہ ایندھن کے ٹینکر کو نقصان پہنچا ہے۔
خیال رہے جمعے کو صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر شدت پسندوں کے حملے میں 14 جوان اپنی جان سے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے تصدیق کی تھی کہ ’جمعے کو پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں پر دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔‘
مقامی ذرائع کے مطابق ’فوج کا قافلہ دو گاڑیوں پر مشتمل تھا جس پر گھات لگائے نامعلوم دہشت گردوں نے قریبی پہاڑ سے چھوٹے ہتھیاروں کے ذریعے فائرنگ کی۔ دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر راکٹ کے گولے داغے جن میں سے دو گولے گاڑیوں کو لگے اور ان میں آگ لگ گئی جس سے اہلکار جُھلس گئے۔‘
جمعے ہی کو خیبر پختوخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک جبکہ 22 زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس نے کہا تھا کہ دھماکہ ٹانک اڈے کے قریب اس وقت ہوا جب پولیس کی گاڑی قریب سے گزر رہی تھی۔

شیئر: