Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس وین کے قریب دھماکہ، 6 ہلاک اور 22 زخمی

ریسکیو ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ (فوٹو: پولیس)
خیبر پختوخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک جبکہ 22 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ ٹانک اڈے کے قریب اس وقت ہوا جب پولیس کی گاڑی قریب سے گزر رہی تھی۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال نے ایک بیان میں کہا کہ ’دھماکے کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جبکہ اڈے میں موجود دیگر متعدد افراد بھی لپیٹ میں آ کر زخمی ہوئے ہیں۔‘
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بارودی مواد کو ایک موٹر سائیکل پر نصب کیا گیا تھا اور اسے موقع پر کھڑا کیا گیا تھا، تاہم بم ڈسپوزل یونٹ اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہا ہے۔

شیئر: