Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’قدرت کا نظام‘، میکسویل کی ڈبل سینچری پر ’عرفان پٹھان کے لیے میوزک ہو جائے‘

گلین میکسویل نے 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں کرکٹ شائقین نے کئی ریکارڈز کو اس وقت ٹوٹتے دیکھا جب گلین میکسویل نے افغانستان سے جیت چھین کر آسٹریلیا کو کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچا دیا۔
35 سالہ میکسویل نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ورلڈ کپ کی تاریخ  کی سب سے بڑی اننگز کھیلی اور 128 گیندوں پر 201 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کے لیے شکست ناگزیر لگ رہی تھی جب انہوں نے افغانستان کے 292 رنز کے ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے اپنی ساتویں وکٹ صرف 91 رنز پر گنوادی۔  
میکسویل نان سٹرائیکر اینڈ سے اپنی ٹیم کو بکھرتا دیکھ رہے تھے اور پھر وہ آسٹریلیا کے لیے امید کی واحد کرن بنے۔ میچ نے پلٹا تب کھایا جب مجیب الرحمان نے نور احمد کی گیند پرمیکسویل کا کیچ ڈراپ کیا جس کے بعد انہوں نے 128 گیندوں پر ناقابل شکست 201 رنز بنا ڈالے۔  
میکسویل کے چوتھی ون ڈے سینچری تک پہنچنے کے بعد ہی شدید کریمپس نے ان کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا، جس سے وہ باؤنڈریز پر انحصار کرتے ہی دکھائی دیے۔ اپنی اننگز کے دوران میکسویل اکثرایک ٹانگ پر کھیلتے ہوئے نظر آئے اور انہوں نے 21 چوکے اور 10 چھکے لگائے۔
یہاں سب سے اہم بات یہ رہی کہ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے دفاعی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میکسویل کو سٹرائیک پر رکھا جس سے آسٹیلیا فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔  
گلین میکسویل نے 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے ہیں، وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈبل سینچری سکور کرنے والے پہلے آسٹریلوی بیٹر بن گئے ہیں۔ گلین میکسویل پہلے کرکٹر ہیں جنہوں نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ڈبل سینچری سکور کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ گلین میکسویل پہلے بیٹر ہیں جنہوں نے مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے ڈبل سینچری سکور کی اور وہ پہلے بیٹر ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ میں تیز ترین ڈبل سینچری بنائی ہے۔ 
کرکٹ کی 146 سالہ تاریخ کی سب سے شاندار اننگز میں سے ایک نے نہ صرف کرکٹ شائقین بلکہ سابق کرکٹرز کو بھی حیران کردیا ہے۔ یہاں یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے سیمی فائنل کی امید برقرار رکھنے کے لیے آسٹریلیا کی جیت بہت ضروری تھی۔ رنز کے تعاقب میں جب آسٹریلوی ٹیم لڑکھڑائی تو پاکستانیوں نے جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا بووما سے دوبارہ مدد کی اپیلیں بھی کر رکھی تھیں تاکہ وہ اگلے میچ میں افغانستان کو ہرا کر پاکستان کے لیے پوائنٹس ٹیبل میں دوبارہ روح پھونک دیں۔ 
یہ دعائیں زیادہ دیر تک جاری نہ رہیں کیونکہ میکسویل نے پاکستانی شائقین کی ساری توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی تھی اور پاکستانی شائقین کو وہ مل گیا جو انہیں درکار تھا۔  
یہاں دوبارہ انٹری ہوتی ہے قدرت کے نظام کی جس کے سوشل میڈیا پر کل سے چرچے جاری ہیں۔ احمد ندیم نامی سوشل میڈیا صاف نے اپنی ٹویٹ میں دل دل پاکستان کو دل دل قدرت کا نظام میں تبدیل کردیا۔ 
جہاں افغانستان کی ہار کے چرچے چل نکلے وہیں عرفان پٹھان بھی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگے، اور اس کی وجہ سب جانتے ہی ہیں کہ کیوں۔ یاد رہے جب افغانستان نے پاکستان کو ورلڈ کپ میں شکست دی تھی تو عرفان پٹھان راشد خان کے ساتھ گراؤنڈ میں ڈانس کرتے نظر آئے تھے اور خبروں کی زینت بنے رہے تھے۔ لیکن پاکستان کرکٹ شائقین کو وہ زخم آج بھی یاد تھا اور وہ طنز کیے بغیر نہ رہ سکے۔ 
جہاں سوشل میڈیا صارفین میمز کا سہارا لیتے نظر آئے وہیں گلین میکسویل کو خوب داد وصول ہوئی۔ ہارون نامی شخص نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’زندگی آپ کو گرائے گی، اٹھیں اور لڑیں، آپ جیتیں گے۔‘
میکسویل کی اننگز پر سابق انڈین کپتان سچن تندولکر اور وراٹ کوہلی بھی گلین میسکویل کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔ وراٹ کوہلی نے سوشل میڈیا پر گلین میکسویل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ سب غیر معمولی تھا لیکن یہ صرف آپ کر سکتے تھے۔‘
سچن تندولکر نے بھی گلین میکسویل کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’گلین میکسویل نے شدید دباؤ میں شاندار پرفارمنس دی، یہ اننگز میری زندگی میں بہترین اننگز ہے جو میں نے اب تک دیکھی۔‘

 

شیئر: