Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انکم ٹیکس گوشوارے فائل نہ کرنے والوں کی موبائل فون سمز بند کر دی جائیں گی: ایف بی آر

ایف بی آر نے 145 نئے ڈسٹرکٹ آفیسزکے قیام کی منظوری دی ہے
فیڈرل بورڈ آف بیورو (ایف بی آر) نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے 145 نئے ڈسٹرکٹ آفسز کے قیام کی منظوری دی ہے اور انتباہ جاری کیا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرنز فائل نہ کرنے والوں کی موبائل فون سمز بند کی جا سکتی ہیں اور بجلی اور گیس کے کنیکشن بھی منقطع کیے جا سکتے ہیں۔
جمعے کو ایف بی آر کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ٹیکس افسران کو ذمہ داری دی جائے گی کہ وہ نان ٹیکس فائلرز اور ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کا سلسلہ بند کرنے والوں کو انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے پر راضی کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اس مقصد کے لیے انکم ٹیکس 2001 میں حال ہی متعارف کریا گیا سیکشن 114 بی استعمال کیا جائے گا جس کے تحت نوٹسز کے جواب میں ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے کی صورت میں ایف بی آر یوٹیلیٹی کنکشنز بشمول بجلی اور گیس کے کنکشنز منقطع کرنے اور موبائل سمز بلاک کرنے کا اختیار بھی موجود ہے۔‘
ایف بی آر کی جانب سے اپنے افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ مختلف سرکاری محکموں اور اداروں سے ٹیکس نادہندگان کا ڈیٹا حاصل کریں جو کہ ممکنہ ٹیکس دہندگان کے بھاری اخراجات اور اثاثوں میں سرمایہ کاری کے بارے میں اہم معلومات رکھتے ہیں۔
ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق ادارہ ایک نیا دستاویزی قانون بھی بنانے جا رہا ہے جس کے تحت مختلف سرکاری محکمے بشمول نادرا ایف بی آر کو ٹیکس نادہندگان کے حوالے سے معلومات دینے کے پابند ہوں گے۔

شیئر: