Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور پولیس کا گھر میں گُھسنے والے 6 مبینہ ڈاکوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ، اہل خانہ محفوظ

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں یرغمال بنایا گیا خاندان محفوظ رہا۔ (فوٹو: پنجاب پولیس)
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی پولیس نے کہا ہے کہ اقبال ٹاؤن کے ایک گھر میں ڈکیتی کرنے والے چھ مبینہ ڈاکوؤں کو فائرنگ کے تبادلے میں مار دیا گیا ہے۔
سینچر کو لاہور پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈاکو اقبال ٹاؤن میں ایک شہری کے گھر گھس گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’گھر کی چھت پر موجود ایک بچی نے ہیلپ لائن کے ذریعے پولیس کو اطلاع دی تھی۔‘
پولیس کی جان سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جب پولیس اہلکار گھر میں داخل ہوئے تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے اپنی حفاظت کے لیے جوابی فائرنگ کی۔‘
بیان کے مطابق پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ تقریباً 40 منٹ جاری رہا۔ اس دوران یرغمال بنایا گیا خاندان محفوظ رہا۔
’گھر میں موجود تمام افراد اور پولیس اہلکار محفوظ رہے، کوئی زخمی اور جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔‘
پولیس نے کہا ہے کہ پانچ ڈاکوؤں کا تعلق ضلع وہاڑی اور ایک کا تعلق ضلع خانیوال سے تھا۔ 

شیئر: