سعودی عرب میں فضائی مسافروں کے حقوق کے تحفظ کا نیا قانون لاگو
’یہ قوانین سعودی عرب کے ہوائی اڈوں سے جانے والی غیر ملکی کمپنیوں پر بھی لاگو ہوں گے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں مسافروں کے حقوق کے تحفظ کا نیا قانون آج پیر سے لاگو ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نئے قانون میں مسافروں کے 8 حقوق کی ضمانت کے علاوہ 30 دفعات پر مشتمل معاوضہ جات کی وضاحت کی گئی ہے۔
مسافروں کے تحفظ کے لیے یہ قوانین تمام سعودی فضائی کمپنیوں کے علاوہ سعودی عرب کے ہوائی اڈوں سے جانے والی غیر ملکی فضائی کمپنیوں پر بھی لاگو ہوں گے۔
پرواز میں تاخیر، سیٹ نہ ہونے کی صورت میں بورڈنگ نہ کرنے یا درجہ کم کرنے پر ٹکٹ کی قیمت سے 150 فیصد سے دو فیصد تک معاوضہ دیا جائے گا۔
فلائٹ منسوخ کرنے پر فضائی کمپنی کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ مسافر کے لیے متبادل پرواز کا انتظام کرے۔
مسافر کو اس بات کا اختیار دیا گیا ہے کہ پرواز میں دو گھنٹے تاخیر پر وہ بغیر کسی کٹوتی کے ٹکٹ کی قیمت واپس لے سکتا ہے۔

’سامان گم ہونے پر مسافر کو 6568 ریال تک معاوضہ دیا جاسکتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
پرواز اگر 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوجائے تو وہ منسوخ تصور کی جائے گی جس پرمسافر کو معاوضہ دیا جائے گا۔
اگر پرواز 6 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی تو فضائی کمپنی پر لازم ہے کہ وہ مسافروں کو ہوٹل اور ٹرانسپورٹ فراہم کرے۔
سامان گم ہونے یا اس میں نقصان پہنچنے یا تاخیر سے پہنچنے پر مسافر کو 6568 ریال تک معاوضہ دیا جاسکتا ہے۔