Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی اور وسطی علاقوں میں سردی کی شدید لہر سے متعدد شہر متاثر

’سردی کی لہر سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت متعدد شہر متاثر رہیں گے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں سردی کی شدید لہر جاری ہے جس سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت متعدد شہر متاثر رہیں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’الباحہ کے بلند علاقوں میں بھی سردی کی شدت متوقع ہے جہاں رات اور علی الصبح دھند اور کہر بننے کا امکان ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’تیز ہواؤں کا اثر جو گرد و غبار اور مٹی اڑانے کا باعث ہے، مشرقی علاقے کے بعض حصوں کے ساتھ ساتھ تبوک، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے بعض علاقوں، خصوصاً ساحلی پٹی میں بدستور برقرار رہے گا‘۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’بحیرہ احمر پر ہوا کی سمت شمالی حصے اور وسطی حصے میں شمال مشرقی سے شمالی رہے گی جس کی رفتار 15 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی جبکہ جنوبی حصے میں ہوا شمال مغربی سے جنوب مغربی سمت میں 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی‘۔
’اس سے موجوں کی اونچائی شمالی اور وسطی حصوں میں ایک سے دو میٹر جبکہ جنوبی حصے میں نصف میٹر سے ایک میٹر تک متوقع ہے‘۔

شیئر: