Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ سمیت چار ممالک میں امدادی سامان کی تقسیم

’غزہ میں سینٹر نے نیا کیمپ قائم کیا ہے جس میں 250 سے زائد خیمے شامل ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد نے دسمبر کے جاری مہینے کے دوران متعدد ممالک میں اپنے امدادی اور انسانی پروگراموں کا تسلسل برقرار رکھا ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ان سرگرمیوں میں طبی نگہداشت، غذائی اشیا کی تقسیم، رہائش کی فراہمی اور غذائی تحفظ کی معاونت شامل ہے جو دنیا بھر میں ضرورت مند اور متاثرہ افراد کی خدمت کے لئے مرکز کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں۔
غزہ میں سینٹر نے سعودی مرکز برائے ثقافت و ورثہ کے تعاون سے ایک نیا کیمپ قائم کیا ہے جس میں 250 سے زائد خیمے شامل ہیں تاکہ ان سینکڑوں خاندانوں کو پناہ فراہم کی جا سکے جن کے مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔
یہ اقدام سعودی عوامی مہم برائے امداد فلسطینی عوام کے تحت کیا گیا جب حالیہ موسمی دباؤ کے باعث سینکڑوں خیمے تباہ ہو گئے تھے۔
غزہ میں مستفید ہونے والوں نے سعودی عرب کی مسلسل انسانی حمایت پر گہرے تشکر کا اظہار کیا اور اس امر کی تصدیق کی کہ شاہ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد کی معاونت نے سخت حالات میں انہیں دوبارہ احساسِ تحفظ دیا اور بڑھتے ہوئے انسانی بحران کے دوران ان کے لئے نجات کا ذریعہ ثابت ہوا ہے۔
یمن کے صوبہ صعدہ کی رازح تحصیل میں سینٹر کے زیرِ انتظام موبائل طبی کلینکس نے نومبر 2025 کے دوران 864 مستفیدین کو علاج کی سہولیات فراہم کی ہیں۔
ان خدمات میں وبائی امراض کے انسداد کے کلینکس، ہنگامی حالات، داخلی امراض، تولیدی صحت، نرسنگ خدمات، صحت سے متعلق آگاہی، جراحی اور ادویات کی فراہمی شامل رہی ہے۔
اسی طرح لبنان کے شمالی علاقے المنیہ میں جمعیۃ سبل السلام کے ایمبولینس ڈیپارٹمنٹ نے 38 امدادی مشن انجام دئیے ہیں جن میں مریضوں کو ہسپتالوں تک منتقل کرنا اور وہاں سے واپس لانا شامل تھا۔
ان خدمات سے شامی مہاجرین اور میزبان مقامی آبادی مستفید ہوئی جبکہ یہ منصوبہ سینٹر کی مالی معاونت سے نقل و حمل اور ایمبولینس خدمات کی حمایت کے منصوبے کے تحت نافذ کیا گیا۔
لبنان کے شہر صور میں 1,269 غذائی پیکٹ اور 1,269 کھجور کے کارٹن تقسیم کئے گئے جن سے 6,345 افراد مستفید ہوئے۔ 
برازیل میں کنگ سلمان سینٹر نے ملک کے شمالی علاقوں امازوناس اور روندونیا کی ریاستوں میں ضرورت مند خاندانوں میں 1,000 کلوگرام کھجوریں تقسیم کی ہیں۔
یہ سرگرمی برازیل میں مجموعی طور پر 200 ٹن کھجوروں کی تقسیم کے منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد غذائی تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔
یہ تمام کوششیں سعودی عرب کے نمایاں انسانی کردار کی عکاسی کرتی ہیں جہاں شاہ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد کو انسانی تکالیف کم کرنے کا ایک مؤثر بازو اور دنیا کے مختلف خطوں میں انسانی عطا و خیرات کا ایک مثالی نمونہ سمجھا جاتا ہے۔

شیئر: