Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نمایاں ڈیجیٹل کامیابیوں کے ساتھ ابشر 2025 کانفرنس کا اختتام

’ابشر 2025 کانفرنس میں 60 سے زائد مرکزی سیشنز، 80 ورکشاپس اور 10 انٹرایکٹو زونز شامل تھے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارتِ داخلہ اور طویق اکیڈمی کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ’ابشر 2025‘ کانفرنس تین روزہ کامیاب اور اختراعی انعقاد کے بعد دارالحکومت ریاض میں اختتام پذیر ہوگئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس دوران متعدد معیاری ڈیجیٹل لانچز اور جدید اختراعات پیش کی گئیں جن کے ذریعے ابشر پلیٹ فارم کے قائدانہ کردار کو اجاگر کیا گیا جو شہریوں، غیر ملکیوں، وزٹرز، حجاج، عمرہ زائرین اور سیاحوں کو جدید ڈیجیٹل خدمات فراہم کر رہا ہے۔
یہ اقدامات ڈیجیٹل گورننس کے میدان میں سعودی عرب کی عالمی قیادت سے ہم آہنگ ہیں اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کو مزید تقویت دیتے ہیں۔
کانفرنس کے ساتھ منعقدہ نمائش کے دوران مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید نگرانی نظام پیش کیا گیا جس کا مقصد سکیورٹی نظاموں کی کارکردگی میں اضافہ اور بروقت رد عمل کو بہتر بنانا ہے۔
اس نظام میں چہروں کی شناخت، رویوں کے تجزیے اور ہنگامی حالات جیسے بے ہوشی یا آتش زدگی کی نشاندہی کی صلاحیت موجود ہے جس کے ذریعے کنٹرول رومز کو فوری انتباہات ارسال کئے جاتے ہیں۔
ممنوعہ علاقوں کے لئے مخصوص ریڈاری کیمرے نصب ہیں جو کسی بھی غیر مجاز حرکت کو ٹریک کرکے متحرک کیمروں سے منسلک کرتے ہیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
اس کے علاوہ، کثیر عدسی کیمرے بھی شامل ہیں جو کم تعداد میں آلات استعمال کرتے ہوئے مؤثر اور ذہین کوریج فراہم کرتے ہیں۔
نمائش میں دھماکہ خیز مواد کی کھوج کے لئے مخصوص روبوٹس بھی پیش کئے گئے جو کیمروں، مکینیکل بازوؤں اور حساس سینسرز سے لیس خودکار گاڑیاں ہیں۔
یہ روبوٹس تنگ اور خطرناک ماحول میں دور سے کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور سکیورٹی اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں۔
نمائش میں پیش کئے گئے عالمی معیار کے ماڈلز ناہموار علاقوں میں نقل و حرکت، وزن اٹھانے اور کیمیائی، حیاتیاتی، شعاعی اور جوہری مواد کی شناخت کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کانفرنس میں وزارتِ داخلہ کے ڈیجیٹل تبدیلی کے عزم کی توثیق کی جہاں متعدد نئی خدمات متعارف کرائی گئیں، جن میں نمایاں طور پر ابشر اسسٹنٹ ہے جو ایجنٹک مصنوعی ذہانت پر مبنی خدمت کو مؤثر انداز میں انجام دیتی ہے۔
اس کے علاوہ میدان الشامل سروس ہے جو یکجا ڈیجیٹل فیلڈ ورک نظام پر مبنی ہے۔
سکیورٹی چیٹ سروس بھی اس میں شامل ہے جو وزارت کے اہلکاروں کے درمیان محفوظ رابطے کے لئے ہے۔
’اپنے ڈیٹا سے بات کریں‘ سروس ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کے لئے ذہین انٹرفیس ہے۔
مرکزی رپورٹنگ ڈیٹا بیس سروس مصنوعی ذہانت کے ذریعے (911) رپورٹس کے تجزیے کے لیے قومی سطح کا متحدہ حوالہ ہے۔
ابشر 2025 کانفرنس نے عالمی اعزاز بھی حاصل کیا ہے جب اسے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں دنیا کے سب سے بڑے ہیکاتھون کے طور پر درج کیا گیا جس میں 4,100 سے زائد شرکا نے حصہ لیا ہے۔
اس کے علاوہ، سکیورٹی اختراعات اور ڈیجیٹل حلوں کے میدان میں تین عالمی ایوارڈز بھی حاصل کئے گئے ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ ابشر 2025 کانفرنس کا انعقاد 17 سے 19 دسمبر تک کیا گیا جس میں 60 سے زائد مرکزی سیشنز، 80 ورکشاپس اور 10 انٹرایکٹو زونز شامل تھے۔

شیئر: