ڈِیپ فیک ٹیکنالوجی، عالیہ بھٹ کی بھی فیک ویڈیو وائرل
اپنی ڈیپ فیک ویڈیو پر ابھی تک عالیہ بھٹ کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹیلجنس (اے آئی) کی مدد سے بنائی جانے والی ڈِیپ فیک ویڈیوز انڈین اداکاراؤں کے لیے دردِ سر بنتی جا رہی ہیں۔
جنوبی انڈیا کی اداکارہ رشمیکا مندنا اور بالی وُڈ کی سپرسٹار کاجول کی قابلِ اعتراض جعلی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد اب عالیہ بھٹ کی ڈِیپ فیک ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک نئی فیک ویڈیو وائرل ہو چکی ہے۔
عالیہ بھٹ کی فیک ویڈیو کسی دوسری خاتون کی قابلِ اعتراض ویڈیو پر ایڈٹ کر کے بنائی گئی ہے۔
خاتون کی ویڈیو پر عالیہ بھٹ کا چہرہ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کی مدد سے لگایا گیا ہے جس کے بعد یہ فیک ویڈیو اداکارہ سے منسوب کر کے سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہے۔
اپنی ڈیپ فیک ویڈیو پر ابھی تک عالیہ بھٹ کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل ڈیپ فیک ویڈیو کے سکینڈل میں جنوبی انڈیا کی اداکارہ رشمیکا مندنا آئی تھیں جس کے بعد سوشل میڈیا پر ڈیپ فیک ویڈیوز اور آے آئی کی خطرناک مضر نتائج کے بارے میں صارفین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
رشمیکا مندنا کی جانب سے اُن سے منسوب جعلی ویڈیو پر سائبر پولیس اور مہاراشٹرا پولیس کو شکایت بھی درج کروائی گئی تھی۔