Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا سرنگ حادثہ: ریسکیو انجینئرز کی ہاتھوں سے کھدائی کی تیاری

ڈرلنگ مشینوں کے بار بار خراب ہونے سے متعدد کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
انڈیا کی ریاست اترکھنڈ کی سرنگ میں جاری ریسکیو آپریشن کے بار بار تعطل کے بعد فوجی انجینئرز  ہاتھوں سے کھدائی کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق اتراکاشی ٹنل کے منہدم ہونے کے بعد16 دن سے پھنسے 41 مزدوروں تک پہنچنے کے لیے یہ آپریشن جاری ہے۔
فوجی انجینئرز نے باقی 29 فٹ کے ملبے اور چٹانوں کو ہٹانے کے لیے نام نہاد تکنیک ’ریٹ ہول مائننگ‘ کا استعمال کرنے کا ارادہ کیا ہے۔
سینئر مقامی سرکاری ملازم ابھیشیک روہیلا نے بتایا ہے کہ دھات کا مبلہ ہٹانے کے لیے خاص قسم کے سپر ہیٹڈ پلازما کٹر کے ذریعے سرنگ میں خراب ہو کر پھنسنے والی ڈرلنگ مشین کے ٹوٹے ہوئے حصوں کو ہٹایا گیا ہے۔
ایک ڈرلنگ مشین کو خاص طور پر بنائے گئے ٹریک پر سرنگ کے اوپر جنگل کی پہاڑی تک لایا گیا تھا۔
ابھیشک نے مزید بتایا کہ دستی ڈرلنگ کے آغاز کی  تیاریاں کی جا رہی ہیں اور انڈین آرمی انجینئرنگ بٹالین کے اہلکار دیگر ریسکیو افسران کے ساتھ کان کنی کے اس خاص آپریشن پر عمل پیرا ہیں۔
سخت سرد  موسم میں انجینئرز راستے کو صاف کرنے کے لیے دستی مشقیں کریں گے، یہ تنگ پائپ میں ایک مشکل کام ہے جس میں ریسکیو کرنے کے لیے رینگنے کا راستہ درکار ہے۔

پریشان کن رشتہ داروں کی آزمائش کا فوری حل نظر نہیں آ رہا۔ فوٹو اے ایف پی

دوسری جانب قومی سڑکوں کی وزارت کے ایک اعلیٰ عہدیدار محمود احمد نے بتایا ہے کہ عمودی ڈرلنگ تیز رفتاری سے جاری ہے اور ریسکیو ٹیمیں اتوار کے آخر تک 19 میٹر (63 فٹ) اندر تک پہنچ چکی ہیں۔
سرنگ کے بہت دور سے انتہائی احتیاط کے ساتھ بلاسٹنگ اور ڈرلنگ بھی شروع کی گئی ہے اور کھدائی کا یہ کام پوری رفتار سے جاری ہے۔
واضح رہے کہ زیر تعمیر اتراکاشی ٹنل میں 12 نومبر کو لینڈ سلائڈنگ کے باعث پیش آنے والے اس حادثے میں 41 تعمیراتی کارکن پھنسے ہوئے ہیں۔

لینڈ سلائڈنگ کے حادثے میں41 تعمیراتی کارکن پھنسے ہوئے ہیں۔ فوٹو روئٹرز

لینڈ سلائڈنگ کے  ملبے کو ہٹانے کے لیے ڈرلنگ مشینوں کے بار بار خراب ہونے کی وجہ سے متعدد کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔
سرنگ میں پھنسے ہوئے افراد کے پریشان کن رشتہ داروں کے لیے  یہ ایک ایسی آزمائش ہے جس کا کوئی فوری انجام یا حل نظر نہیں آ رہا۔
دوسری جانب اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے پیر کو سوشل میڈیا ایکس اکاؤنٹ سے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے کہ فکر نہ کریں تمام افراد کو بچالیا جائے گا۔

شیئر: