پاکستان اور کویت کے درمیان اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر دستخط
پاکستان اور کویت کے درمیان اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر دستخط
بدھ 29 نومبر 2023 12:56
وزیراعظم کو کویتی امیری گارڈ کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا (فوٹو: وزیراعظم آفس)
پاکستان اور کویت نے تحفظ خوراک، زراعت، پن بجلی، معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے 7 معاہدوں اور تین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کویت کے فرسٹ ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کر کے مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان 7 معاہدوں اور تین مفاہمت کی یادداشتوں کی تقریب میں شرکت کی۔
ریاست کویت کی جانب سے پاکستان کے مختلف شعبوں بشمول فوڈ سکیورٹی،زراعت، پن بجلی، پینےکیلئے صاف پانی کی فراہمی اور کان کنی کی سرگرمیوں میں تعاون کیلئے کان کنی فنڈ کا قیام، ٹیکنالوجی زونز ڈویلپمنٹ اور مینگروو کے تحفظ سمیت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے 7 معاہدوں اور ثقافت اور آرٹ ، ماحولیات اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون کے لیے تین مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی رفتار پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، توانائی، آئی ٹی، معدنیات، سرمایہ کاری سمیت مضبوط اقتصادی روابط کے قیام کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان کثیر الجہتی فورمز پر قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے صحت، سکیورٹی، انفراسٹرکچر کے شعبہ جات میں پاکستانی افرادی قوت کی بھرتی پر کویت کے اقدامات کو سراہا۔
کویت کے ولی عہد نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
اس سے قبل انوار الحق کاکڑ اعلی کویتی قیادت سے ملاقات کے لیے البیان محل پہنچے جہاں کویت کے اول نائب وزیراعظم و وزیرِ داخلہ شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کو کویتی امیری گارڈ کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور دونوں ملکوں کے ترانے پیش کیے گئے۔
نگران وزیرِ خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، نگراں وزیر توانائی محمد علی، نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز، نگراں وزیرِ قانون، موسمیاتی تبدیلی و آبی ذخائر احمد عرفان اسلم اور وزیراعلی پنجاب محسن نقوی وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں شریک تھے۔
اس سے قبل نگراں وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورے پر ابو ظبی پہنچے تھے جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی، اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا دورہء کویت مکمل
دریں اثنا وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اپنا دو روزہ سرکاری دورہء کویت مکمل کرکے اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز کے اٹھائیسیویں اجلاس (COP-28) میں شرکت کے لیے دبئی روانہ.ہوگئے ہیں۔
کویت کے وزیرِ بجلی، پانی و قابلِ تجدید توانائی ڈاکٹر جاسم محمد عبداللہ الاستاد، پاکستان کے کویت میں سفیر ملک محمد فاروق اور دونوں ممالک کے اعلی سفارتی اہلکاروں نے وزیر اعظم کو الوداع کیا۔