Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں عالمی فضائی خدمات مذاکراتی کانفرنس کا آغاز

کانفرنس میں سو سے زیادہ ممالک اور تنظیموں کے نمائندے شریک ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر مواصلات و لاجسٹک خدمات انجینیئر صالح الجاسر نے اتوارکو ریاض میں عالمی فضائی خدمات مذاکراتی کانفرنس( آئی ایس سی اے او) کا افتتاح کیا۔
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کانفرنس کی میزبانی سعودی محکمہ شہری ہوابازی کررہا ہے۔ 
سعودی وزیر مواصلات نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ’یہ کانفرنس مملکت میں دوسری مرتبہ ہورہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب بین الاقوامی ہوابازی کے شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنے اور شہری ہوابازی کی تنظیم کے ساتھ تعاون کے حوالے سے پرعزم ہے‘۔ 
کانفرنس میں سو سے زیادہ ممالک اور تنظیموں کے نمائندے شریک ہیں۔ 
انجینیئر صالح الجاسر نے کہا کہ’ سعودی عرب مختلف ملکوں سے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک خدمات کے حوالے سے تعاون کر رہا ہے۔ 
انہوں نے کہا ’سعودی عرب نے سرحد پار تعلققات کے استحکام کے لیے ہمیشہ کام کیا  ہے اور اب بھی کررہا ہے۔ کانفرنس کی میزبانی اس کا ثبوت ہے‘۔ 
سعودی محکمہ شہری ہوابازی کے سربراہ کا کہنا تھا ’ شہری ہوابازی کی قومی حکمت عملی سو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانے اور 2030 تک مسافروں کی سالانہ تعداد 330 ملین سے زیادہ تک پہنچانا ہے‘۔ 

فضائی کارگو کا حجم 2030 تک بڑھ کر 4.5 ملین ٹن تک ہوجائے گا۔ (فوٹو: ایس پی اے)

انہوں نے کہا’ شہری ہوابازی کی حکمت عملی مختلف ملکوں تک مسافروں کی رسائی کا دائرہ وسیع کرنے کی کوشش کررہی ہے‘۔  
انہوں نے مزید کہا محکمہ شہری ہوابازی ریاض اور جدہ میں دو انٹرنیشنل  سینٹرز کے ذریعے غیر معمولی استعداد رکھنے والے ہوائی اڈوں کا نیٹ ورک قائم کرنے کے  لیے کوشاں ہے۔ 
انہوں نے توقع ظاہر کی ’ نئی حکمت عملی کارگو اور لاجسٹک شعبے میں زیادہ  شرح نمو پیدا کرے گی۔ فضائی کارگو کا حجم 2030 تک 0.8 ملین ٹن سے بڑھ کر 4.5 ملین ٹن تک ہوجائے گا‘۔
’یہ تبدیلی بین الاقوامی فضائی کمپنیوں، لاجسٹک خدمات فراہم کرنے والوں اورملٹی نیشنل کمپنیوں کو سعودی عرب کی جانب راغب کرنے کا باعث بنے گی‘۔

شیئر: