Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمیں ٹک ٹاک اور گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے کہا کہ ’کوئی ایسا سیاستدان نہیں ہے جس کا ہاتھ صاف ہے۔‘ (فائل فوٹو: پی پی پی فیس بک)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے روایتی سیاستدانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمیں گالم گلوچ، ٹک ٹاک اور گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی۔‘
جمعرات کو شانگلہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ایک طرف نفرت کی سیاست ہے اور دوسری طرف معاشی بحران بدتر ہوتا جا رہا ہے۔ اس صورتحال میں پرانے سیاستدان آج بھی وہی انا، تقسیم اور انتقام کی سیاست کر رہے ہیں۔‘
’عوام کے اصل مسائل میں نہ ان کی دلچسپی اور نہ ہی ان کے پاس کوئی حل ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ لوگوں کا یہ پہلا اور سیاستدانوں کا آخری مسئلہ ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں بلکہ غربت اور بے روزگاری سے ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’میں نے سب سیاستدانوں کو قریب سے دیکھا ہے۔ جیسے آپ کے سامنے ان کا چہرہ آ چکا ہے، ایسے ہی میں بھی ان کو جانتا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں تو ہمیں معیشت کو عوامی مفاد کے تحت چلانا ہوگا، کسی اور کے مفاد کے لیے یہ معیشت نہیں چل سکتی۔‘
’کوئی ایسا سیاستدان نہیں ہے جس کا ہاتھ صاف ہے، ہر کوئی چاہتا ہے کہ وہ اپنی جیب کیسے بھرے۔ میرے ہاتھ صاف ہیں۔ پاکستان میں اپنے ہاتھ صاف رکھنا بہت مشکل ہے۔‘

شیئر: