Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اگر ٹاپ گن نہ دیکھی ہوتی تو فائٹر کا ٹیزر بہت شاندار لگتا‘

اس فلم کے ذریعے ریتک روشن اور دپیکا پاڈوکون پہلی مرتبہ ایک ساتھ بڑے پردے پر نظر آنے والے ہیں (فوٹو: سکرین شاٹ)
بالی وُڈ کے سپرسٹار ریتک روشن کی نئی فلم ’فائٹر‘ کا ٹیزر ریلیز کر دیا گیا ہے۔
فائٹر کا ٹیزر جمعے کو یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا جسے اب تک 26 لاکھ سے زائد افراد نے کچھ ہی گھنٹوں میں دیکھ لیا ہے۔
ٹیزر کے مطابق فلم کی کہانی انڈین ایئر فورس کے سکواڈرن لیڈر شمشیر پٹھانیا (ریتک روشن) سمیت سکواڈرن لیڈر منل راٹھور (دپیکا پاڈوکون) اور گروپ کیپٹن راکیش جئے سنگھ (انیل کپور) کے گرد گھومتی ہے جو اپنے وطن کی حفاظت کرتے ہیں۔
اس ٹیزر میں بلند فضا میں موجود لڑاکا طیاروں کی گھن گرج کو دکھایا گیا ہے۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں ریتک روشن، دپیکا پاڈوکون، انیل کپور، کرن سنگھ گرووَر اور اکشے اوبروئی شامل ہیں جبکہ اس کی ہدایتکاری سدھارتھ آنند نے کی ہے۔
دوسری جانب اس فلم کے ذریعے ریتک روشن اور دپیکا پاڈوکون پہلی مرتبہ ایک ساتھ بڑے پردے پر نظر آنے والے ہیں جبکہ دپیکا کی سدھارتھ آنند کے ساتھ یہ تیسری فلم ہے۔
ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم ’فائٹر‘ 25 جنوری 2024 کو انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کے لیے پیش کی جائے گی۔
فائٹر کے ریلیز ہونے کے بعد اس پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر صارفین کی جانب سے ہالی وُڈ کے سپرسٹار ٹام کروز کی مشہور زمانہ فلم ’ٹاپ گن‘ کی نقل ہونے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔
خیال رہے 1985 میں ریلیز ہونے والی ٹاپ گن فلم میں ٹام کروز نے نیوی کے ایوی ایٹر پائلٹ کا کردار نبھایا تھا۔
اس فلم کا سیکوئل 2022 میں ٹاپ گن میورِک کی صورت میں آیا تھا جس میں ایک مرتبہ پھر ٹام کروز نے پائلٹ کا کردار ادا کیا تھا۔
اسی سلسلے میں ٹوئٹر ہینڈل سٹار بوائے نے ٹاپ گن اور فائٹر کی مماثلت کی تصاویر شیئر کر دیں۔
 
آشیش لکھتے ہیں کہ ’37 برسوں کے بعد بھی ٹاپ گن کے بائیک والے سِین فائٹر سے بہتر لگ رہے ہیں۔‘
 
ٹوئٹر ہینڈل سلمان کی سینا نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب ٹاپ گن فلم کا بجٹ کم ہو جائے۔ ٹیزر ٹاپ گن فلم کا چوری شدہ ورژن لگ رہا ہے۔‘
 
ویدنٹ رَسٹی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’اگر میں نے ٹاپ گن نہ دیکھی ہوتی تو فائٹر کا ٹیزر بہت شاندار لگتا۔‘   
 

 

شیئر: