Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زائرین کو خدمات کی فراہمی میں کوتاہی، متعدد عمرہ کمپنیوں کے لائسنس منسوخ

عمرہ کمپنیوں کے خلاف کیس متعلقہ ادارے کے حوالے کیے جائیں گے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کو خدمات کی فراہمی اور بعض ذمہ داریوں میں کوتاہی پر متعدد عمرہ کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کردیے۔ 
اخبار 24 کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ’ قصور وارعمرہ کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ ان کے کیس متعلقہ ادارے کے حوالے کیے جائیں گے۔ خلاف ورزی کے ثبوت ملنے پر ان کے خلاف مناسب سزاؤں کا فیصلہ جاری ہوگا‘۔ 
وزارت حج و عمرہ نے اس سے قبل متنبہ کیا تھا کہ زائرین  کی خدمت میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔
کوتاہی برتنے والی  کمپنی کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔ زائرین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ 
وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ عمرہ خدمات فراہم  کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے  تفتیشی دورے ہوں گے۔
اگرعمرہ زائرین  کی جانب سے کسی کمپنی کے خلاف شکایت موصول ہوئی تو اس پر کرروائی کی جائےگی۔ 
 وزارت حج و عمرہ نے داخلی اور بیرونی زائرین سے کہا ہے کہ وہ پرمٹ ہولڈرز عمرہ  کمپنیوں کے ذریعے عمرہ پروگرام بنائیں۔ 

شیئر: