Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ کمپنیوں و اداروں کی کارکردگی کا جائزہ ’ہر تین ماہ بعد‘

کمپنیاں عمرہ زائرین کو بہترین سروس فراہم کریں۔ (فوٹو وزارت حج و عمرہ ٹوئٹر)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ ’350 کمپنیاں رواں ہفتے کے آخر میں نیا عمرہ موسم شروع کریں گی‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ ’تمام عمرہ کمپنیوں اور اداروں کی کارکردگی کا جائزہ ہر 3 ماہ میں لیا جائے  گا‘۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مقررہ ضوابط کے تناظر میں ہر عمرہ کمپنی اور ادارے کی کارکردگی جانچی جائے گی‘۔ 
وزارت نے توجہ دلائی ہے کہ ’عمرہ کمپنیوں اور اداروں کے حوالے سے سہ ماہی اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ ان کی معمولی حد کا حصول ہر کمپنی اور ادارے کے لیے ضروری کردیا گیا ہے’۔
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ ’کمپنیوں اور اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عمرہ زائرین کوبہتر خدمات فراہم کریں۔ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار کم از کم نوے فیصد کا ہدف پورا کرے‘۔
وزارت عمرہ نے بتایا کہ ’قواعد و ضوابط کی پابندی کے حوالے  سے طے کیا گیا ہے کہ یہ بھی کم از کم نوے فیصد ہو اس سے کم نہیں ہونا چاہئے‘۔ 
وزارت نے کہا ہے کہ ’ہر عمرہ موسم کے اختتام پر کمپنیوں اور اداروں کی کارکردگی کا جائزہ سال بھر کے عمرہ زائرین کی تعداد کی بنیاد پر کیا جائے  گا‘۔
وزارت حج و عمرہ نے تاکید کی ہے کہ ’عمرہ کمپنیوں کو عمرہ زائرین کی ارض مقدس آمد کے  نظام الاوقات اور رہائش، ٹرانسپورٹ نیز کھانے پینے کے پیکیج کی پابندی ضروری ہے۔ اس حوالے سے کمپنیوں کا احتساب ہوگا‘۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

 

شیئر: