پیرس میں عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر تقریب
اتوار 17 دسمبر 2023 20:09
اس موقع پر نمائش بھی منعقد ہوگی جو 22 دسمبر تک جاری رہے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
عربی زبان کےعالمی دن کے حوالے سے تقریبات کا آغاز پیر سے پیرس میں ہورہا ہے جس کا موضوع ’عربی شاعری اور فنون‘ کی زبان ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس تقریب کا اہتمام اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم یونیسکو نے عالمی ادارے میں سعودی مستقل مندوب کے تعاون سے یونیسکو میں پرنس سلطان بن عبدالعزیز پروگرام برائے عربی کے ذریعے کیا ہے۔
یہ ایونٹ سلطان بن عبدالعزیز چیرٹیبل فاونڈیشن کے سب سے اہم ثقافتی ایونٹس میں سے ایک ہے۔ اس کا مقصد عربی زبان اور دنیا میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں سے ایک کے طور پر اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا، زبان کے تحفظ، اسے سیکھنے اور ترقی دینے کے حوالے سے آگاہی بڑھانا ہے۔
اس سال کے عنوان کا انتخاب اس حقیقت سے ہوتا ہے کہ عربی بہت سے فنکاروں اور شاعروں کے لیے تحریک کا ذریعہ رہی ہے۔
تقریب کا آغاز یونیسکو کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے سماجی اور انسانی سائنسز یونیسکو گیبریلا راموس، فرانس میں سعودی سفیر، موناکو اور یونیسکو میں مملکت کے مستقل مندوب فہد بن معیوف الرویلی اورسلطان بن عبدالعزیز چیریٹی فاونڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل صالح الخلیفی کی تقاریر سے ہوگا۔
یونیسکو میں پرنس سلطان بن عبدالعزیز پروگرام برائے عربی زبان کے زیر اہتمام’ تفہیم اور احترام کے پلوں کی تعمیر‘ نمائش بھی منعقد ہوگی جو 22 دسمبر تک جاری رہے گی۔