Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنہ 2024 میں ریلیز ہونے والی انڈیا کی پانچ بڑی فلمیں کون سی ہیں؟

فلم ’فائٹر‘ 25 جنوری 2024 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے (فائل فوٹو: آئی ایم ڈی بی)
سنہ 2023 بالی وُڈ کے لیے ایک یادگار سال ثابت ہوا ہے جس میں ہندی فلموں نے اربوں روپے کا کاروبار کیا۔
گذشتہ برس بالی وُڈ کے بڑے ستاروں کی بڑی فلمیں ریلیز ہوئیں جنہوں نے باکس آفس پر ہندی سنیما کو ایک مرتبہ پھر سے زندہ کر دیا تاہم 2024 پچھلے سال کی نسبت تھوڑا مختلف ہو سکتا ہے۔
سنہ 2024 میں جہاں کچھ بڑی ہندی فلمیں ضرور ریلیز ہو رہی ہیں وہیں فلم بینوں کی نظریں دوسری جانب یعنی جنوبی انڈیا کے سنیما پر بھی جمی ہوئی ہیں۔
رواں برس تمل، تیلگو اور ملیالم زبان میں ریلیز ہونے والی ایسی کئی فلمیں ہیں جو بالی وُڈ کے مداحوں کو اپنی جانب متوجہ کر سکتی ہیں۔
آئیے جانتے ہیں کہ 2024 میں ریلیز ہونے والی پانچ بڑی انڈین (ہندی اور جنوبی انڈین) فلمیں کون سی ہیں۔
پشپا 2 دی رُول
پشپا 2 دی رُول 2021 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر تیلگو فلم ’پشپا دی رائز‘ کا سیکوئل ہے۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں الو ارجن، فہد فاصل اور رشمیکا مندنا شامل ہیں جبکہ اس کی ہدایتکاری سو کمار کر رہے ہیں۔
پشپا 2 دی رُول رواں برس 15 اگست کو انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
گُنتر کارَم
2024 میں ریلیز ہونے والی بڑی جنوبی انڈین فلموں میں سے ایک فلم ’گُنتر کارَم‘ ہے۔
گُنتر کارَم تیلگو زبان میں ریلیز ہونے والی فلم ہے جس میں سپرسٹار مہیش بابو مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ اُن کے ساتھ کاسٹ میں سری لِیلا بھی شامل ہیں۔
اس فلم کی کہانی ایسے انڈرورلڈ کنگ کے گرد گھومتی ہے جسے ایک صحافی سے محبت ہو جاتی ہے۔
فلم گُنتر کارَم کو 12 جنوری کو سنیما گھروں میں ریلیز کے لیے پیش کیا جائے گا۔

کترینہ کیف کی فلم میری کرسمس رواں برس 12 جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی (فائل فوٹو: کترینہ کیف انسٹاگرام)

دیوارا پارٹ ون
بالی وُڈ اور جنوبی انڈین انڈسٹری کے ستاروں سے سجی تیلگو زبان کی فلم ’دیوارا پارٹ ون‘ 5 اپریل 2024 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں جونیئر این ٹی آر، جھانوی کپور، سیف علی خان اور پراکاش راج شامل ہیں جبکہ دیوارا پارٹ ون کی ہدایت کاری کاوراٹالا شیوا کر رہے ہیں۔
فلم کی کہانی ایک ایسے مسیحا کے گرد گھومتی ہے جو اپنے لوگوں کو بلاؤں اور مصیبت سے بچاتا ہے۔
فائٹر
فلم ’فائٹر‘ 25 جنوری 2024 کو انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہونے کے لیے تیار ہے۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں ریتک روشن، دپیکا پاڈوکون، انیل کپور اور کرن سنگھ گروور شامل ہیں جبکہ فلم کی ہدایتکاری سدھارتھ آنند نے کی ہے۔

فلم ’فائٹر‘ میں ریتک روشن اور دپیکا پاڈوکون پہلے مرتبہ ایک ساتھ نظر آئیں گے (فائل فوٹو: آئی ایم ڈی بی)

اس فلم کی کہانی شمشیر پٹھانیا نامی پائلٹ کے گرد گھومتی ہے جو انڈین ایئر فورس کا پائلٹ بننے کا خواب پورا کرتے ہیں۔
خیال رہے اس فلم کے ذریعے دپیکا پاڈوکون اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ ریتک روشن کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گی۔
میری کرسمس
میری کرسمس 2024 میں ریلیز ہونے والی سال کی پہلی بڑی فلم ہوگی جسے 12 جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔
ایکشن، تھرلر اور سسپنس سے بھرپور اس فلم کی کہانی دو انجان لوگوں کے گرد گھومتی ہے جو کرسمس کی شام کو ایک دوسرے سے ملتے ہیں جس کے بعد وہ ملاقات ایک عجیب بھیانک رُخ اختیار کر لیتی ہے۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں کترینہ کیف، وجے سیتھوپاتھی سمیت پوجا لڈھا سُورتی شامل ہیں جبکہ میری کرسمس کی ہداتیکاری سری رام راگھون نے کی ہے۔

شیئر: