Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فائرنگ سے وزیرستان میں آزاد امیدوار ہلاک، بلوچستان میں امیدوار قومی اسمبلی زخمی

پولیس کے مطابق ’اسلم بلیدی واک کررہے تھے کہ ایک نامعلوم شخص نے ان پر گولیاں چلا کر فرار ہوگیا‘ (فائل فوٹو اسلم بلیدی فیس بُک)
شمالی وزیرستان میں تپی کے علاقے میں فائرنگ سے آزاد امیدوار ملک کلیم اللہ ہلاک ہو گئے ہیں۔ 
پولیس کے مطابق ملک کلیم اللہ پی کے 104 سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ تپی کے علاقے میں ہونے والی فائرنگ سے اُن کے دو ساتھی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ تینوں لاشیں میرانشاہ ہسپتال منتقل کردی گئیں، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
واضح رہے کہ تپی کے علاقے میں چند روز قبل سابق رکنِ قومی اسمبلی محسن داوڑ پر بھی قاتلانہ حملہ ہو چکا ہے۔
اُدھر بلوچستان کے ضلع کیچ میں مسلم لیگ ن کے قومی اسمبلی کے امیدوار سابق سینیٹر محمد اسلم بلیدی فائرنگ سے زخمی ہوگئے ہیں۔۔
پولیس کے مطابق اسلم بلیدی پر فائرنگ کا واقعہ بدھ کی شام کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز تربت میں پیش آیا۔
ایس ایچ او تُربت سٹی شیر جان بلوچ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’اسلم بلیدی تُربت کے میر عیسیٰ پارک میں واک کررہے تھے کہ اس دوران ایک نامعلوم شخص ان پر گولیاں چلا کر فرار ہوگیا۔‘
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ’فائرنگ کی وجہ بظاہر پُرانی دشمنی لگ رہی ہے، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں پر تفتیش کررہی ہے۔‘
’اسلم بلیدی ٹانگ اور ہاتھ پر گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔ ڈاکٹروں نے ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے۔‘
محمد اسلم بلیدی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258 کیچ کم پنجگور سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں۔ وہ صوبائی وزیر اور سینیٹر بھی رہ چکے ہیں۔

شیئر: