Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈا: ٹورنٹو ایئرپورٹ پر مسافر نے جہاز سے چھلانگ لگا دی، فلائٹ 6 گھنٹے رُکی رہی

کچھ روز قبل ایئر کینیڈا کی ایک اور فلائٹ میں 16 برس کے مسافر کا اپنے گھر والوں کے ساتھ جھگڑا کرنے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا (فائل فوٹو: روئٹرز)
ٹورنٹو ایئرپورٹ پر ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایئر کینیڈا کی فلائٹ کے کیبن ڈور سے مسافر نے چھلانگ لگا دی۔
دی نیو یارک پوسٹ کے مطابق 8 جنوری کو ٹورنٹو پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک نامعلوم مسافر نے صرف اس وجہ سے بورڈنگ کی کہ وہ سیٹ پر بیٹھنے کے بجائے کیبن ڈور سے چھلانگ لگا دے۔
دبئی جانے والی اس پرواز کے روانہ ہونے سے قبل اس مسافر نے معمول کے مطابق بوئنگ 747 پر بورڈنگ کی لیکن وہ سیٹ پر نہ بیٹھا اور اس کے بعد اُس نے کیبن ڈور سے چھلانگ لگا دی۔
کیبن ڈور سے چھلانگ لگانے کے بعد مسافر کو چوٹیں آئیں۔
ایئرلائن کے حکام نے گلوبل نیوز کو بتایا کہ اس واقعے کے بعد پِیل ریجنل پولیس سمیت باقی ایمرجنسی سروسز کو کال کی گئی۔
ایئر کینیڈا کی ویب سائٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد بوئنگ 747 کی روانگی چھ گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہی۔ اس دوران عملے نے چھلانگ لگانے والے مسافر کی دیکھ بھال کی اور معاملے کی تفتیش کی۔
واقعے کے بعد ابھی تک اس بات کا علم نہیں ہو سکا کہ چھلانگ لگانے والے مسافر کو کتنی چوٹیں آئی ہیں اور اسے گرفتار کیا گیا ہے یا نہیں۔
خیال رہے کچھ روز قبل ایئر کینیڈا کی ایک اور فلائٹ میں 16 برس کے مسافر کا اپنے گھر والوں کے ساتھ جھگڑا کرنے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا جس کے باعث وہ پرواز تین گھنٹوں تک ایئرپورٹ پر رکی رہی تھی۔

شیئر: