Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کو مسلسل چوتھی شکست، نیوزی لینڈ 7 وکٹوں سے کامیاب

پہلے تینوں میچ نیوزی لینڈ جیت کر سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پانچ ٹی20 میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
نیوزی لینڈ نے 159 رنز کا ہدف ڈیرل مچل اور گلن فلپس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 19 اوورز میں حاصل کر لیا۔ دونوں بالترتیب 72 اور 70 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ نے پہلے ہی مسلسل تین میچ جیت کر سیریز اپنے نام کر لی تھی۔ پاکستان کو مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اب سیریز کا آخری میچ 21 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔
جمعے کو کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ گرین شرٹس نے محمد رضوان کے 90 ناٹ آؤٹ کی بدولت 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ رضوان کے علاوہ محمد نواز 21 اور بابر اعظم 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری اور لوکی فرگوسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

159 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز میدان میں اترے تو ان فارم بیٹر فن ایلن نے پہلے اوور میں ہی شاہین شاہ آفریدی کی چار گیندوں پر دو چوکے لگا کر اپنے عزائم واضح کر دیے۔ لیکن دوسری طرف شاہین نے آج کپتانی، ہار اور اچھی کارکردگی سمیت تمام تر دباؤ بھلا کر اگلی دو گیندوں پر کیویز کی دو وکٹیں اڑا کر میدان میں اپنی واپسی کا اعلان کیا۔
شاہین صرف یہی نہ رکے بلکہ اپنے اگلے اوور میں انہوں نے ول ینگ کو بھی پویلین روانہ کر دیا۔ وہ صرف چار رنز بنا پائے۔
اس موقع پر لگ رہا تھا کہ شاید فتح کی دیوی پاکستان پر مہربان ہو جائے لیکن پھر اس امید کے درمیان ڈیرل مچل اور گلن فلپس کے ساتھ ساتھ  ناقص بولنگ اور فیلڈنگ آ گئی۔
شاہین کے علاوہ کوئی بھی بولر بلیک کیپس کے بیٹرز کے لیے پریشانہ کا سبب نہ بنا باقی رہی سہی کسر ڈراپ کیچز نے نکال دی۔

گلین فلپس نے 52 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

مچل اور فلپس کے درمیان 141 رنز کی شراکت داری بنی۔ ڈیرل مچل 44 گیندوں پر سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 72 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ گلین فلپس نے 52 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کا ٹی20 میں بابر اعظم کی جگہ صائم ایوب سے اوپننگ کرانے کا تجربہ ایک بار پھر ناکام رہا، اور صائم دوسرے ہی اوور میں میٹ ہنری کی گیند پر کیچ پکڑا کر پویلین روانہ ہو گئے۔
ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم اور محمد رضوان نے ابتدائی نقصان کے بعد دباؤ نہ لیا اور جارحانہ انداز اپنایا لیکن بابر زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور ایڈم ملنے کی ایک شارٹ پچ گیند پر باؤنڈی پر کیچ تھما بیٹھے۔ انہوں نے 19 رنز بنائے۔

محمد رضوان نے 63 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 90 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے۔ وہ 15 گیندوں پر نو رنز بنا کر ہٹ لگانی کی کوشش میں لوکی فرگوسن کی گیند پر باؤنڈری پر کیچ تھما بیٹھے۔
فرگوسن نے اپنے اسی اوور میں اعظم خان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے صاحبزادہ فرحان کو بھی پویلین روانہ کر دیا۔
افتخار احمد ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 10 رنز بنا کر ہینری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ایک اینڈ سے پاکستان کی کی وکٹیں گرتی جا رہی تھیں لیکن دوسری طرف محمد رضوان وکٹ پر آخر تک کھڑے رہے۔ انہوں نے 63 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 90 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ انہی کی اننگز کی بدولت پاکستان اتنے رنز بنا سکا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری اور لوکی فرگوسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

محمد نواز نے بھی عمدہ بیٹنگ کی اور نو گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

شیئر: