Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن 2024: جماعت اسلامی ٹک ٹاک، فیس بک اور واٹس اپ پر سرگرم

جماعت اسلامی لاہور میں منصورہ سے انتخابی مہم سوشل میڈیا پر چلا رہی ہے (فوٹو: جماعت اسلامی فیس بک)
الیکشن 2024 کے لیے سیاسی جماعتوں کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم جہاں گلی محلوں اور سڑکوں پر نظر آ رہی ہے تو وہیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بھی الیکشن مہم کا اہم جزو بنی ہوئی ہیں۔
پاکستان کی سیاسی و مذہبی پارٹی جماعت اسلامی انتخابی مہم کو ماضی کی نسبت قدرے مختلف انداز میں چلا رہی ہے۔ ماضی کے برعکس اس بار جماعت اسلامی سوشل میڈیا ایپس اور ویب سائٹ کو اپنی انتخابی مہم کا حصہ تصور کر رہی ہے۔
جماعت اسلامی کی سوشل میڈیا پر الیکشن مہم 
یوں تو ملک میں سوشل میڈیا کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کو کہا جاتا ہے اور اُس کی وجہ یہ ہے کہ وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس کا مزاج اچھی طرح سمجھتی بھی ہے اور وہاں ایکٹو بھی رہتی ہے۔
اب سوشل میڈیا کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنے میں صرف پاکستان تحریک انصاف یا کسی دوسری بائیں بازو کی جماعت کا ہی نام نہیں بلکہ دائیں بازو کی سیاست کرنے والی جماعت اسلامی بھی موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت کو بخوبی سمجھ چکی ہے۔
جماعت اسلامی کی سوشل میڈیا ٹیم نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہماری جماعت اس وقت ٹک ٹاک، فیس بک، واٹس ایپ، ایکس (ٹوئٹر) اور یوٹیوب پر الیکشن کمپین چلا رہی ہے۔‘
جماعت اسلامی کی سوشل میڈیا ٹیم کے مطابق پارٹی کے لاہور میں مرکزی دفتر منصورہ سے قومی سطح کی انتخابی مہم سوشل میڈیا پر چلائی جا رہی ہے۔ منصورہ میں موجود سوشل میڈیا ٹیم ملک کے مختلف حلقوں سے پارٹی کے امیدواروں کا بیانیہ لوگوں تک پہنچانے میں مصروف عمل ہے۔
کراچی میں بھی جماعت اسلامی سوشل میڈیا پر اپنا انتخابی منشور عام کرنے میں کوششیں کر رہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی الیکشن سے جڑی تمام مصروفیات لائیو اور ریکارڈڈ شکل میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جا رہی ہیں۔
جماعت اسلامی سوشل میڈیا ٹیم نے مزید کہا کہ ضلع اسلام آباد کے تین حلقے بھی جماعت اسلامی کے سوشل میڈیا کی خصوصی طور پر توجہ کا مرکز ہیں۔

جماعت اسلامی معاشرے کے ہر طبقے کی آواز بن رہی ہے: ترجمان 

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق ’ہم اس تاثر کو ختم کرنا چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی صرف مخصوص لوگوں کی نمائندہ جماعت ہے۔ ہم سوشل میڈیا کمپین کی ذریعے بھی معاشرے کے تمام طبقات اور لوگوں کو اپنی توجہ کا مرکز بنائے ہوئے ہیں۔‘ 

‘سوشل میڈیا ٹیم کے مطابق ’ہم اپنی سوشل میڈیا کمپین کی ذریعے ایسے لوگوں کو بھی ٹارگٹ کر رہے ہیں جو اپنے گھروں یا دفاتر میں ہوں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

سوشل میڈیا پر کیسے انتخابی مہم چلائی جا رہی ہے؟
ترجمان جماعت اسلامی کی سوشل میڈیا ٹیم اور ترجمان جماعت اسلامی عامر بلوچ نے اردو نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد میں جماعت اسلامی سوشل میڈیا کی ایک مخصوص ٹیم ہے جو 20 سے 25 افراد پر مشتمل ہے۔
جماعت اسلامی کے منشور کو سوشل میڈیا صارفین تک پہنچانے کے لیے پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم کے ساتھ ساتھ پروڈکشن ہاؤسز سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔ مخلتف ویڈیوز کو ایڈٹ کرنا، پارٹی ترانے بنانے جیسے امور پروڈکشن ہاؤسز سے کروائے جا رہے ہیں۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی تین حلقوں این اے 46 ،47 اور 48 کے امیدواران کے لیے الگ الگ سوشل میڈیا ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ امیدواراں کی دن بھر کی سیاسی سرگرمیوں کو اپنے اپنے پروڈکشن ہاؤس سے سوشل میڈیا اور ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا جا رہا ہے۔
جماعت اسلامی ملک بھر اور بالخصوص اسلام آباد میں اپنی سوشل میڈیا ٹیم کو تین حصوں مواد، ویڈیوگرافی اور ڈیزئننگ پر تقسیم کرتی ہے۔ ہر فیلڈ کا ٹیم ممبر اپنے اپنے کام پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
’سوشل میڈیا کے ذریعے جماعت کی ساکھ کو مزید بہتر بنا رہے ہیں‘
عامر بلوچ نے کہا کہ ’ہماری سوشل میڈیا کمپین کا ایک اور مقصد پارٹی کی ساکھ کو مزید بہتر اور واضح کرنا ہے۔ جماعت اسلامی معاشرے کے تمام طبقات کو ترجیح دے کر انہیں اپنی طرف مائل کرنا چاہ رہی ہے۔‘
مخلتف حلقوں میں پارٹی کے امیدوار اپنی اپنی انتخابی مہم تو چلا رہے ہیں مگر ہر حلقے میں ووٹرز کا کچھ حصہ ہمیشہ گھروں یا دفاتر میں موجود رہتا ہے۔ جماعت اسلامی کی سوشل میڈیا ٹیم کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنی سوشل میڈیا کمپین کی ذریعے ایسے لوگوں کو بھی ٹارگٹ کر رہے ہیں جو اپنے گھروں یا دفاتر میں ہوں۔‘ 

جماعت اسلامی اس سوشل میڈیا پر ٹارگٹڈ صارفین کے لیے تشہیر پر بھی کام کر رہی ہے (فوٹو: جماعت اسلامی فیس بک)

’ٹک ٹاک پر بھی انتخابی مہم چلائی جارہی ہے‘
عام انتخابات 2024 کو لے کر جماعت اسلامی ٹک ٹاک پر موجود اپنے اکاؤنٹس کو بھی انتخابی مہم کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی کے امیدواروں کے ٹک ٹاک پیجز کے ذریعے بھی انتخابی مہم چلائی جا رہی ہے۔ 
واٹس اپ چینل اور فیس بک لائیو کا انتخابی مہم میں استعمال
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے متعارف کردہ نئے فیچرز کو بروئے کار لاتے ہوئے انتخابی مہم آگے بڑھا رہے ہیں۔ واٹس ایپ چینلز پر مخلتف حلقے کے لوگوں تک رسائی اور فیس بک لائیو کے ذریعے جلسے اور کارنر میٹنگ لوگوں تک براہ راست پہنچانا بھی سوشل میڈیا کمپین کا حصہ ہے۔
جماعت اسلامی اس سوشل میڈیا پر ٹارگٹڈ صارفین کے لیے تشہیر پر بھی کام کر رہی ہے۔ مخلتف حلقوں کے لیے الیکشن  تشہیر کے ذریعے لوگوں تک پیغام پہنچایا جا رہا ہے۔
ووٹر ایپ کے ذریعے حلقے کے ووٹرز تک رسائی
ترجمان جماعت اسلامی نے آن لائن انتخابی مہم چلائے جانے کے امور پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ووٹر ایپ میں ووٹرز کی تمام معلومات درج ہیں۔ حلقے کے ووٹرز کو اُن کے موبائل نمبرز پر بھی پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔ ووٹرز کو اُن کے حلقے سے نامزد امیدوار کی تفصیلات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

شیئر: