Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ذاتی وجوہات، وراٹ کوہلی 13 برسوں میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز سے باہر

انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 15 فروری سے راجکوٹ میں کھیلا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سپرسٹار بیٹر وراٹ کوہلی اپنے 13 برس کے ٹیسٹ کیریئر میں پہلی مرتبہ پوری ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔
سنیچر کو انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جا رہی پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے باقی تین میچوں کے لیے ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کیا جس میں وراٹ کوہلی شامل نہیں۔
بی سی سی آئی کے بیان کے مطابق وراٹ کوہلی سیریز کے باقی تینوں میچوں کے لیے ذاتی وجوہات کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔
بی سی سی آئی نے اس بارے میں مزید کہا کہ ’بورڈ وراٹ کوہلی کے اس فیصلے پر اُن کی  مکمل حمایت اور تعاون کرتا ہے۔‘
اس سے قبل وراٹ کوہلی نے بی سی سی آئی کو ذاتی وجوہات کے باعث انگلینڈ کے خلاف جاری ہوم ٹیسٹ سیریز کے پہلے دو میچوں کے لیے اپنی عدم دستیابی کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
یہاں واضح رہے کہ سپرسٹار بیٹر کی جانب سے ابھی تک ذاتی وجوہات کو ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
وراٹ کوہلی اپنے 13 برس کے ٹیسٹ کیریئر میں پہلی مرتبہ کسی بھی ٹیسٹ سیریز سے مکمل طور پر باہر ہوئے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے باقی تین میچوں کے لیے انڈین ٹیم کے سکواڈ میں روہت شرما (کپتان)، جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، یشسوی جیسوال، شبھمن گِل، کے ایل راہُل، راجت پتیدر، سرفراز خان، دھرُوو جوریل (وکٹ کیپر)، کے ایس بھارت (وکٹ کیپر)، رویچندرن اَشوِن، رویندرا جڈیجہ، اکشر پٹیل، واشنگٹن سُندر، کلدیپ یادو، محمد سراج، مکیش کمار اور آکاش دیپ شامل ہیں۔
خیال رہے انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ 15 فروری سے راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل وشاکاپٹنم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں انڈیا نے انگلینڈ کو 106 رنز سے شکست دے دی تھی جس کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

شیئر: