Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریم نواز وزیراعلٰی پنجاب کی امیدوار ہوں گی: شہباز شریف کا اعلان

 آصف زرداری نے کہا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ سب مل بیٹھ کر حکومت بنائیں گے۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’نواز شریف اور پارٹی کی مشاورت سے طے ہوا ہے کہ مریم نواز وزیراعلٰی پنجاب کی امیدوار ہوں گی اور نواز شریف سے درخواست کروں گا کہ وہ وزیراعظم کا عہدہ قبول کریں۔‘
منگل کی شب اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر آصف علی زرداری، شہباز شریف، چوہدری شجاعت اور خالد مقبول صدیقی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
شہباز شریف سے سوال کیا گیا کہ پاکستان کا صدر کون ہوگا تو انہوں نے کہا کہ ’صدرِ پاکستان کا فیصلہ اتحادیوں نے کرنا ہے اور ہم سب مل کر مشاورت سے یہ طے کریں گے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’ہماری جنگ معیشت کے ساتھ ہے، اسے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ الیکشن میں ہم ایک دوسرے کے خلاف بات کرتے ہیں وہ مرحلہ ختم ہو چکا۔ اب ہماری جنگ ملک کے چیلنجز کے خلاف ہے۔ ہم نے اپنے اختلافات ختم کرکے ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آٸی ایم ایف کے معاہدے نے معیشت کو مستحکم کیا۔ ہم نے مہنگاٸی اور ملکی قرضوں کے خلاف جنگ لڑنی ہے۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’منقسم منڈیٹ کو ہم تسلیم کرتے ہیں۔ یہاں موجود قیادت دو تہاٸی اکثریت کی نماٸندہ ہے۔ پی ٹی آٸی کے آزاد امیدواروں کے پاس اکثریت ہے تو وہ حکومت بنا لیں۔ ہم پی ٹی آٸی کی اکثریت کا احترام کرتے ہوٸے قبول کریں گے۔ ہم اس قابل ہیں کہ ہمارے پاس اکثریت ہے۔‘
 آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ سب مل بیٹھ کر حکومت بنائیں گے۔ پاکستان کو مل کر ہر مشکل سے نکالیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم مصالحت چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی بھی اس مصالحت کا حصہ ہو۔ چاہتے ہیں کہ معیشت اور ڈیفنس پہ ایک ہی لائحہ عمل ہو۔‘
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ’ہمارے درمیان اختلاف ہو سکتا ہے لیکن پاکستان ترجیح ہے۔ ہم نے پہلے بھی شہباز شریف کا ساتھ دیا اب بھی دیں گے۔ پاکستان کو بچانے کے لیے اقدامات کریں تو ملک کو بہتر صورتحال کی جانب لے کر جاٸیں گے۔‘

شیئر: