Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’موت کا ڈرامہ‘ پونم پانڈے اور ان کے شوہر پر 100 کروڑ ہرجانے کا مقدمہ درج

پونم پانڈے نے ایک ویڈیو پوسٹ میں بتایا کہ ’وہ زندہ ہیں اور سروائیکل کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا چاہتی ہیں‘ (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
انڈین اداکارہ پونم پانڈے اور ان کے شوہر سام بومبے پر موت کی جھوٹی خبر پھیلانے کے نتیجے میں 100 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے رہائشی فیضان انصاری نے کانپور پولیس سٹیشن میں پونم پانڈے اور ان کے شوہر کیخلاف مقدمہ درج کرواتے ہوئے ان پر 100 کروڑ ہرجانہ دائر کر دیا ہے۔
ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا کہ پونم پانڈے نے اپنی تشہیر کے لیے فرضی موت کے سٹنٹ کو "آرکیسٹریٹ" کیا، کینسر جیسے سنگین مرض کو معمولی سمجھا اور بہت سے لوگوں کے جذبات سے کھلواڑ کیا۔
دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پونم پانڈے اور ان کے شوہر کو گرفتار کرکے کانپور کی عدالت میں پیش کیا جائے۔
یاد رہے 2 فروری کو پونم پانڈے کی پی آر ٹیم کی جانب سے اداکارہ کے آفیشل انسٹاگرام  پر کی گئی پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سروائیکل کینسر کے باعث پونم کا انتقال ہوگیا ہے۔ اداکارہ کے مینیجر نے بھی انڈین میڈیا کو اس بات کی تصدیق کی تھی۔
ایک دن بعد پونم پانڈے انسٹاگرام پر یہ کہتے ہوئے دوبارہ نمودار ہوئیں کہ وہ زندہ ہیں اور اپنی موت کا ڈرامہ انہوں نے صرف سروائیکل کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے کیا تھا۔
پونم کے وضاحتی بیان میں انہوں نے اپنے مداحوں سے معافی بھی مانگی جس کے باوجود انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
بالی وڈ کی نامور شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے پونم پر یکساں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’مضحکہ خیز‘ اور ’شرمناک‘ ہے۔
آل انڈین سنے ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA) نے بھی انڈیا میں لوگوں کے جذبات سے کھیلنے پر پونم پانڈے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ مہاراشٹر کے ایم ایل سی ستیہ جیت تامبے نے بھی ممبئی پولیس سے پونم کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس تمام صورتحال کے بعد موت کے ڈرامہ میں ملوث میڈیا کمپنی ’شبانگ‘ نے بھی معافی نامہ جاری کیا اور کہا کہ سروائیکل کینسر پر کی گئی اس مہم کے شاندار نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

شیئر: