Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الجوف میں سالانہ انٹرنیشنل زیتون میلہ، شائقین میں مقبول کیوں؟

میلے میں 14 سرکاری اداروں کا تعاون ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
الجوف ریجن کے شہر سکاکا میں 17 واں انٹرنیشنل زیتون فیسٹول  شہزادہ عبدالالہ ثقافتی مرکز میں شروع ہوگیا۔ 
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق میلے میں خاص طورپر’زیتون کچن‘ بھی قائم کیا گیا ہے جہاں 3 سعودی خواتین شیفس روزانہ زیتون سے بنی اشیا آنے والوں کو پیش کررہی ہیں۔


سعودی خواتین شیفس کھانوں میں زیتون کا تیل استعمال کررہی ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

زیتون میلے میں ایک جانب شیف حوریہ محمد ’زیتون باورچی خانے‘ میں علاقے اور مملکت کے معروف پکوان تیار کررہی ہیں تو وہیں دوسری جانب شیف ملاک الزہرانی کھجور اور زیتون سے تیار کردہ اشیا آنے والوں کو پیش کرکے داد حاصل کررہی ہیں۔ جبکہ نوف البرجس میلے میں آنے والوں کو زیتون کے روزمرہ اور خصوصا کھانے کی تیاری میں اس کے استعمال کے فوائد سے آگاہ کررہی ہیں اور لوگوں کے استفسار کا بھی جواب دیتی ہیں۔
میلے میں آنے والے ایک شائق نے کہا کہ اسے یہاں زیتون کے حوالے  سے بے شمارمعلومات ملی ہیں جو روزمرہ کے معمولات زندگی اور کھانے پینے کے حوالے سے نہایت اہم ہیں کیونکہ صحت سب سے اہم ہے اس پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں ہونا چاہئے۔

میلے میں آنے والے شائقین مختلف سٹالز میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

میلے میں ایک جانب الجوف بلدیہ نے فوڈ سیفٹی لیباریٹری وین بھی متعارف کرائی ہیں جہاں میلے میں زیتون اور اس سے بنی اشیا کے معائنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
الجوف  میلے کے انعقاد  میں 14 سرکاری ادارے تعاون کررہے ہیں۔ جن میں الجوف یونیورسٹی، الجوف ہیلتھ کمپلیکس، وزارت ماحولیات و پانی وزراعت  اور ٹیکنیکل کالج اور متعدد ایسوسی ایشنز شامل ہیں۔


الجوف میونسپلٹی نے فوڈ سیفٹی لیباریٹری وین بھی رکھی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

زیتون میلے میں الجوف میونسپلٹی نے بھی اپنا سٹال لگایا ہے جہاں کے نگران اعلی انجینیئر ماجد بن اسماعیل العنزی نے کہا کہ ہمارے سٹال پرمیلے میں آنے والے شائقین کو مختلف خدمات فراہم کی جاتی ہیں نیز ان کے سوالات کے جوابات اورانہیں میلے کے حوالے سے آگہی بھی فراہم کی جاتی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: