Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9: نئے سیزن کے چند دلچسپ حقائق

ایسا پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ کسی ایک ٹیم کے سکواڈ میں تین سگے بھائی شامل ہیں (پی ایس ایل، ایکس)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔
پی ایس ایل 9 کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائٹڈ سے ہو گا۔
ایونٹ کا پہلا میچ لاہور کے تاریخی قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں اس کے علاوہ ایونٹ کے آٹھ مزید میچز بھی کھیلے جائیں گے۔
رواں برس ہونے والے پی ایس ایل میں جہاں کرکٹ شائقین کو کانٹے کے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، وہیں اس سیزن کے حوالے سے کچھ دلچسپ حقائق بھی سامنے آ رہے ہیں۔
پی ایس ایل 9 سے قبل سب سے اہم خبر جو سامنے آئی، وہ یہ ہے کہ اس لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میدان میں سرفراز احمد کی کپتانی کے بغیر کھیلے گی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نئی ٹیم مینیجمنٹ نے رواں برس کے سیزن کے لیے سرفراز احمد کی بجائے جنوبی افریقی بیٹر رائلی رُوسو کو کپتان بنایا ہے۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ رائلی رُوسو بھی پہلی مرتبہ کسی بھی پروفیشنل ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں کپتانی کریں گے۔
اس سیزن کے حوالے سے ایک اور اہم فیکٹ یہ ہے کہ دو مرتبہ کی چیمپیئن ٹیم اسلام آباد یونائٹڈ کی کوچنگ اس مرتبہ شہرۂ آفاق کرکٹ کوچ مائیک ہیسن کریں گے۔
مائیک ہیسن کی پی ایس ایل میں آمد اس وجہ سے بڑی خبر بن کر سامنے آئی کیونکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی مشہور فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کی کوچنگ چھوڑ کر پی ایس ایل میں آئے تھے۔

مائیک ہیسن کی پی ایس ایل میں آمد ایک بڑی خبر بن کر سامنے آئی (فائل فوٹو: اسلام آباد یونائٹڈ)

رواں برس کے پی ایس ایل کے حوالے سے اہم اور دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ ایسا پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ کسی ایک ٹیم کے سکواڈ میں تین سگے بھائی شامل ہیں۔
پی ایس ایل 9 کے لیے اسلام آباد یونائٹڈ کی ٹیم میں سپرسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھوڑ کر شامل ہوئے تھے۔
نسیم شاہ کے ساتھ اس سکواڈ میں اُن کے دو بھائی حنین شاہ اور عبید شاہ بھی شامل ہیں اور ایسا بالکل ممکن ہے کہ ٹورنامنٹ کے کسی میچ میں تینوں بھائی اسلام آباد یونائٹڈ کا پیس اٹیک سنبھال لیں۔
پی ایس ایل 9 میں جہاں پاکستان سمیت دنیائے کرکٹ کے کئی سپرسٹار کرکٹرز حصہ لیں گے وہیں ایک وقت پر مستقبل کے کامیاب کرکٹرز کی پیش گوئی حاصل کرنے والے کئی کھلاڑی ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔
رواں برس کرکٹ مداح کئی ایسے کھلاڑیوں کو ایکشن میں نہیں دیکھ سکیں پائیں گے جو ایک وقت پر پاکستان کرکٹ کا مستقبل سمجھے جاتے تھے۔
اُن کھلاڑیوں میں سہرفہرست عمر اکمل اور احمد شہزاد کا نام آتا ہے جنہیں کسی بھی فرنچائز نے ڈرافٹ میں نہیں خریدا اور اسی وجہ سے دلبرداشتہ ہو کر احمد شہزاد نے پی ایس ایل کے بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس کے علاوہ شرجیل خان، دانش عزیز، صہیب مقصود اور عامر یامین بھی کسی بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

لاہور قلندرز لگاتار دوسری مرتبہ اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کو تیار ہے (فائل فوٹو: لاہور قلندرز)

اس سیزن میں لاہور قلندرز لگاتار دوسری مرتبہ اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کو تیار ہے۔
لاہور قلندرز پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی ٹیم ہے جو لگاتار دوسری مرتبہ ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

شیئر: