Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹ کے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

اسلام آباد کی نشست پر پیپلز پارٹی کے اُمیدوار یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سینیٹ کی چھ خالی نشتوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا ہے۔
جمعرات کو ایوان بالا کی چھ خالی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے چار جبکہ مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ایک ایک سیٹ اپنے نام کی۔
اسلام آباد کی نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی کے اُمیدوار یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے الیاس مہربان نے 88 ووٹ حاصل کیے۔ مجموعی طور پر 301 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ 9 ووٹ مسترد ہوئے۔
بلوچستان سے پیپلز پارٹی کے عبدالقدوس بزنجو 23 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ سندھ سے جام سیف اللہ خان دھاریجو 58 اور اسلم ابڑو 57 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
بلوچستان سے مسلم لیگ ن کے دوستین خان ڈومکی 17 ووٹ لے کر جیتے جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے عبدالشکور غبیزئی 16 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔
عام انتخابات 2024 میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین کی خالی کردہ سینیٹ نشستوں پر پولنگ کا عمل شام چار بجے تک جاری رہا۔
قومی اسمبلی میں اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست کے لیے پہلا ووٹ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے کاسٹ کیا۔
سینیٹ میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری الیاس مہربان اور پیپلز پارٹی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلہ تھا۔
صوبہ سندھ سے سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے جام سیف اللہ خان دھاریجو اور محمد اسلم ابڑو جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے نذیراللہ اور شازیہ سہیل امیدوار تھے۔
بلوچستان سے سینیٹ کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے سات امیدوار مدمقابل تھے۔

شیئر: