Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حماد اظہر پارٹی کی صوبائی صدارت اور سیکریٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی

حماد اظہر کو یاسمین راشد کی جگہ قائم مقام صوبائی صدر کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں (فائل فوٹو: پی ٹی آئی ایکس)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر پارٹی کی صوبائی صدارت اور سیکریٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
حماد اظہر نے اپنے استعفے کا اعلان بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے بہت سوچ بچار کے بعد تحریک انصاف پنجاب کی صدارت اور سیکریٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
حماد اظہر نے مزید کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت پنجاب میں پارٹی کی موثر قیادت کی میدان میں موجودگی اور قائد عمران خان تک براہ راست رسائی ضروری ہے۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر پارٹی نے مزید بتایا کہ ’پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کے باوجود میں بطور کارکن پارٹی کے لیے کام کرتا رہوں گا۔‘
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے جون 2022 میں ڈاکٹر یاسمین راشد کو تحریک انصاف وسطی پنجاب کی صدر نامزد کیا تھا۔
جون 2022 میں پی عمران خان کی جانب سے حماد اظہر کو پی ٹی آئی وسطی پنجاب کا سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا تھا۔
بعدازاں 9 مئی کے واقعات میں یاسمین راشد کی گرفتاری اور مقدمات کی وجہ سے حماد اظہر کو قائم مقام صوبائی صدر کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔
حماد اظہر نے اپنا استعفی پارٹی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان کو بھجوا دیا ہے۔

حماد اظہر نے اپنا استعفی پارٹی کے چیئرمین اور سیکریٹری جنرل کو بھجوا دیا ہے (فائل فوٹو: پی ٹی آئی ایکس اکاؤنٹ)

یاد رہے کہ حماد اظہر گذشتہ کئی ماہ سے روپوش ہیں اور حکومت کو 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں درج کیے گئے مقدمات میں مطلوب ہیں۔
فروری میں ہونے والے عام انتخابات میں وہ لاہور کے حلقہ این اے 129 سے الیکشن میں حصہ لینا چاہتے تھے، تاہم ریٹرننگ افسر کی جانب سے اُن کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے تھے۔
بعدازاں حماد اظہر نے انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں دائر اپیل واپس لے لی تھی۔
انہوں نے اپنی جگہ اپنے والد سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر کو میدان میں اُتارا اور جنہوں نے اس نشست سے کامیابی حاصل کی۔
میاں اظہر نے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد نعمان کو بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔

شیئر: