Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں امداد کی فراہمی کے لیے عالمی عدالت انصاف کے اقدامات کا خیرمقدم

بیان میں مزید راہداریاں قائم کرنے پر زور دیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے عالمی عدالت کی جانب سے غزہ پٹی میں انسانی المیے کو کم کرنے کے لیے امدادی اشیا کی فوری ترسیل کو بہتر بنانے کے لیے اختیار کیے جانے والے عارضی احتیاطی اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’سعودی حکومت نے عالمی عدالت کے ان اقدامات کو سراہا ہے جن میں فوری طور پر ایسی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘
ان اقدامات کے تحت غزہ پٹی میں امدادی اشیا کی ترسیل کو یقینی بنانے کےلیے مزید راہداریاں قائم کرنے اور بہتر و محفوظ طریقے پر زور دیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ’ سعودی عرب کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ امدادی اشیا کی ترسیل اور متاثرین کی مدد کے لیے بھرپور کوششیں جاری رہیں گی۔‘
بیان سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی کمیونٹی سے مطالبہ کیا گیا کہ ’وہ بین الاقوامی انسانی قوانین کےتحت اسرائیلی قبضے اور سلامتی کونسل کی جنگ بندی کی قرارداد پرعمل درآمد کرنے کو یقینی بنانے پر اپنا کردارادا کرے۔’
علاوہ ازیں رابطہ عالم اسلامی نے بھی عالمی عدالت کی جانب سے غزہ پٹی کے لیے امدادی مہم کے حوالے کیے جانے والے اقدامات کو بہتر بنانے کی تدابیر کا خیر مقدم کیا ہے۔
رابطہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ’ غزہ پٹی کے متاثرین کے لیے فوری امداد کو ٹھوس بنیادوں پر فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ راہداریوں کو محفوظ بنایا جائے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’اس حوالے سے عالمی عدالت نے جن اقدامات کی جانب نشاندہی کی ہے وہ قابل ستائش ہیں۔‘
’غزہ پٹی کے متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کےلیے ضروری ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ امدادی اشیا  ارسال کی جائیں جس کے لیے مزید بری راستوں کو کھلوانا ضروری ہے۔‘

شیئر: