Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن، عراق اور لبنان نے اپنی فضائی حدود کھولنے کا اعلان کر دیا

اردن نے فضائی حدود عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ( فوٹو: سبق)
اردن، عراق اور لبنان نے اسرائیل پر ایرانی حملے کے دوران بند کی گئی اپنی فضائی حدود کو کھول دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اتوار کو تینوں ممالک نے اپنی فضائی حدود کھولنے کے حوالے سے بیانات جاری کیے جو سنیچر کی رات بند کی گئی تھی۔
اردنی محکمہ شہری ہوا بازی نے خطے میں کشیدگی کے باعث چند گھنٹے بند رکھنے کے بعد اپنی فضائی حدود دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اردن کے محکمہ شہری ہوا بازی کے سربراہ ہیثم مستو نے کہا ہے کہ ’فضائی حدود مقامی وقت کے مطابق 11 بجے تک بند رکھنے کا فیصلہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’ممکنہ خطرات کا جائزہ لینے والے ادارے کی سفارش پر خطے کے حالات معمول پر آتے ہی ہم نے فضائی حدود کھول دی ہیں۔‘ 
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں اردن کے دارالحکومت عمان کی فضا میں اڑتی اشیا کو دیکھا گیا جن کو ایئر ڈیفنس سسٹم نے تباہ کیا۔ یہ اشیا ملک کے شمال مغربی علاقے کی طرف بڑھ رہی تھیں جو شام اور اسرائیل کی سرحد کے ساتھ ہے۔
اردنی خبر رساں ایجنسی پٹرا کے مطابق اتوار کی صبح اردن کی کابینہ کے اجلاس میں تحمل سے کام لینے اور کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کیا گیا۔
اردن کی حکومت نے کہا ہے کہ مملکت کی فضائی حدود میں رات کو ’اڑتی اشیا‘ کو مار گرایا گیا۔ ان اشیا کے کچھ شارپنلز غیرآباد علاقے میں گرے اور کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں۔
قبل ازیں اردن سمیت متعدد ملکوں نے ایران، اسرائیل کشیدگی کے باعث اور شہری ہوا بازی کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
 

شیئر: