سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنے والا ایک اور ملزم گرفتار، ’مقصد اداکار کو خوفزدہ کرنا تھا‘
جمعرات 18 اپریل 2024 13:57
دو موٹر سائیکل سواروں نے اداکار کے گھر کے سامنے پانچ گولیاں چلائیں اور فرار ہو گئے (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
بالی وڈ اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ میں ملوث ایک اور شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری بدھ کی رات ہریانہ سے ہوئی اور اس شخص نے لارنس بشنوئی گینگ اور فائرنگ کرنے والوں کے درمیان رابطہ کروایا تھا۔
جس کے بعد 24 سالہ وکی گپتا اور 21 سالہ کمار پلاک نے فائرنگ کی اور اب وہ پولیس کی حراست میں ہیں۔
اتوار کی صبح ممبئی کے علاقے باندار میں چار بجے کے قریب دو موٹر سائیکل سواروں نے اداکار کے گھر کے سامنے پانچ گولیاں چلائیں اور فرار ہو گئے۔
باندرا کے علاقے کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ حملے سے چند گھٹنے قبل 13 اپریل کو ساگر کمار پالاک کو ہتھیار فراہم کیے گئے، تاہم ان کو ہتھیار دینے والے شخص کی نشاندہی ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والوں کا تعلق بہار کے علاقے چمپارن سے ہے اور ان کو پیر کو رات گئے گجرات کے ضلع کچ کے ایک مندر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والوں کو مبینہ طور پر چار لاکھ روپے کی پیشکش کی گئی تھی جس میں ایک لاکھ روپے پیشگی طور پر ادا کر دیے گئے تھے۔
ممبئی کرائم برانچ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا مقصد اداکار کو قتل نہیں بلکہ صرف خوفزدہ کرنا تھا۔
کرائم برانچ کے ایک عہدیدار نے اے این آئی کو بتایا کہ ’ملزموں نے پینول میں سلمان خان کے فارم ہاؤس کی ریکی کی، وہ صرف ان کو ڈرانا چاہتے تھے۔ دونوں کی خاندانوں کے دوسرے افراد سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔‘
ممبئی کرائم برانچ سلمان خان کا بطور گواہ بیان بھی ریکارڈ کرے گی۔
بدھ کو مہاراشٹر کے وزیراعلٰی اکناتھ شندے نے سلمان خان سے ملاقات کی تھی اور انہیں سکیورٹی اور مدد کی یقین دہانی کرائی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے سلمان خان سے کہا کہ حکومت آپ کے ساتھ ہے، دونوں حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور معاملے کی تہہ تک پہنچا جائے گا۔‘